بھارتی ریاست اتر پردیش میں مسلح افراد نے کشمیری ٹرک ڈرائیور کو قتل کردیا

جمعہ 31 اکتوبر 2014 13:19

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقہ گورکھ پور میں نامعلوم مسلح افراد نے بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور کو گولیاں مار کر قتل کر دیا ۔ اطلاعات کے مطابق بارہمولہ کے علاقے شیری سے تعلق رکھنے والا40 سالہ الطاف حسین بٹ گیارہ روز قبل اپنے بھائی وسیم احمد بٹ کیساتھ سیبوں کا ٹرک لیکر بھارتی ریاست بہار کے علاقے بھاگل پور روانہ ہوا تھا۔

سیب فروخت کرنے کے بعد واپسی پر انہوں نے دو دیگر کشمیری ٹرک ڈرائیوروں کے ساتھ اتر پردیش کے علاقے گورکھ پورجانے کا فیصلہ کیاتاکہ وہاں سے کچھ سامان مقبوضہ وادی لاسکیں۔وسیم احمد کے مطابق وہ اپنے بھائی الطاف حسین کی ایک ٹرانسپورٹ کمپنی سے واپسی کا انتظار کررہا تھا جس کے دوران اسے بھائی کے قتل کی اطلاع ملی۔

(جاری ہے)

جائے واردات پر موجودبلال احمد ڈار نامی ایک اور کشمیری ٹرک ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ الطاف حسین اپنی گاڑی کا شیشہ صاف کررہا تھا کہ اس دوران دو افراد موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور اس پر قریب سے گولیاں چلا کر فرار ہوگئے ۔

بلال نے فوری طور پر وسیم اور دیگر دو ساتھیوں کو فون کیا ۔ الطاف حسین کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ادھر مقتول ڈرائیور کے آبائی علاقے میں واقعہ کی خبر پھیلتے ہی صف ماتم بچھ گئی ۔غم سے نڈھال مقتول کے اہلخانہ اور باقی عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہیں۔

متعلقہ عنوان :