خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں ستمبر میں 144سکول بند ‘ اساتذہ کے خلاف کارروائی کا حکم

جمعہ 31 اکتوبر 2014 13:09

خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں ستمبر میں 144سکول بند ‘ اساتذہ کے ..

لکی مروت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء)خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں ستمبر میں 144سکول بند پائے گئے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کے مفت اور یکساں نظام تعلیم کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی اور اعلانات محض سیاسی دعوے ہی ثابت ہوئے رپورٹ کے مطابق صوبے کے ضلع لکی مروت میں ستمبر کے مہینے میں 144 اسکول بند پائے گئے ہیں جن میں سے 54 اسکول لڑکوں اور 90 لڑکیوں کے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان سکولوں میں سے 36 اسکول مکمل طور پر غیر فعال بتائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 333 اساتذہ اسکولوں سے غیر حاضر پائے گئے ان میں 45ایسے غیرحاضر اساتذہ بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنی جگہ متبادل اسٹاف فراہم کیا تھا۔رپورٹ لکی مروت کی ایک ضلعی کمیٹی کو پیش کر دی گئی اور لکی مروت کے ڈپٹی کمشنر سید ظفرعلی شاہ نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا ہے۔اس کے علاوہ لکی مروت میں اسکول بلڈنگ پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں ‘ لکی مروت میں غیر فعال اسکولوں کی لسٹ فراہم کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔