شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، منزل پر ضرورپہنچیں گے ‘ الطاف حسین

جمعہ 31 اکتوبر 2014 13:09

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ 31 اکتوبر1986ء ایم کیوایم کی جدوجہد کاایک ناقابل فراموش دن ہے اور اس روزتحریک کے شہداء نے جو قربانیاں دیں وہ ایم کیوایم کی جدوجہدمیں ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔ سانحہ 31 اکتوبر 86ء کے شہداء کی 28ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سانحہ 31 اکتوبر1986ء ایم کیوایم کواس کی جدوجہد کے ابتدائی دورہی میں ختم کرنے کی ایک بھیانک سازش کاحصہ تھا جب حیدرآبادکے پکاقلعہ گراؤنڈ میں ایم کیوایم کے دوسرے عوامی جلسہ عام میں شرکت کیلئے کراچی سے حیدرآبادجانیوالے ایم کیوایم کے جلوسوں پر سہراب گوٹھ کراچی اورمارکیٹ چوک حیدرآبادکے مقام پر مسلح دہشت گردوں کے ذریعے وحشیانہ فائرنگ کرائی گئی تھی جسکے نتیجے میں درجنوں کارکنان شہیدوزخمی ہوگئے تھے ،ایم کیوایم کے پرعزم، وفاشعار،بہادراورجیالے کارکنوں نے اس روز اس ظلم وبربریت اورکئی ساتھیوں کی شہادت کے باوجود جس عزم وہمت ،جوانمردی اورایثاروقربانی کامظاہرہ کیااورتحریک کے جلسہ عام کے انعقادکویقینی بنایاوہ ناقابل فراموش ہے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ یہ ظلم تھا کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کے بجائے اس وقت کی جنرل ضیاء الحق کی فوجی حکومت نے الٹاایم کیوایم کے خلاف ہی ریاستی آپریشن کیا،حیدرآبادسے کراچی واپس آتے ہوئے مجھے گھگھرپھاٹک کے مقام پر گرفتارکرلیاگیا ۔اس کے ساتھ ساتھ ہزاروں کارکنوں اور رہنماؤں کوگرفتارکیاگیا،مجھے اورہزاروں کارکنوں کوتھانوں اورخفیہ سرکاری ٹارچرسیلوں میں بدترین تشددکانشانہ بنایاگیا ‘ سندھ بھرمیں گھرگھرظلم وستم کے پہاڑ توڑے گئے اورسندھ کی جیلیں ایم کیوایم کے کارکنوں سے بھردی گئیں،مہاجروں کے وحشیانہ قتل عام اوردیگرسانحات کی طرح سانحہ 31 اکتوبر86ء کے ذمہ داروں کوبھی آج تک کوئی سزا نہیں دی گئی ۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ 31 اکتوبرکے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اورتحریک اپنی منزل پر ضرورپہنچے گی۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ تحریک کے ان شہداء کی قربانیوں کوقبول فرمائے اورانہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاکرے۔