میثاق جمہوریت پر دستخط کرنے والے چیف الیکشن کمشنر پر مک مکاچاہتے ہیں‘ناصر رمضان گجر

جمعہ 31 اکتوبر 2014 12:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ الیکشن 2013ء پر مختلف جماعتوں کے تحفظات کے بعد غیر جانبدارانہ الیکشن کمیشن پوری قوم کی مشترکہ آواز ہے ، چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ ایک سال سے خالی ہونے کے باوجود اس پر کسی موزوں شخص کا مستقبل تقرر نہ ہونا تشویشناک ہے ،میثاق جمہوریت پر دستخط کرنے والی دونوں جماعتیں اپنے مخصوص مقاصد کے حصول کیلئے چیف الیکشن کمشنر پرمک مکاچاہتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں لاہور کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناصر رمضان گجر نے سپریم کورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کیلئے 9ماہ کی مہلت بارے الیکشن کمشن کی درخواست مسترد ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے التواء کیلئے نئی حلقہ بندیوں کو جواز نہیں بنایا جاسکتا، جب ضمنی الیکشن پرانی حلقہ بندیوں پر منعقد ہورہے ہیں تو بلدیاتی الیکشن بھی پرانی حلقہ بندیوں پر منعقد ہونے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیاں مخصوص افراد کو نواز نے کیلئے کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دو بار بلدیاتی امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی اور الیکشن فیس جمع کرواچکے ہیں اور بلدیاتی انتخابات کا شد ت سے انتظار کررہے ہیں گراس روٹ پر عوامی نمائندے نہ ہونے کی وجہ سے عوامی مشکلات بڑھتی جارہی ہے ا س لئے پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے التواء کی بجائے فی الفور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کرے۔