پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن نے سروسز ہسپتال میں مریضوں کے بہتر علاج کیلئے انتظامیہ کو تجاویز دے دیں

جمعرات 30 اکتوبر 2014 22:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) پنجاب پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے سروسز ہسپتال میں مریضوں کے بہتر علاج اور ملازمین کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے انتظامیہ کو تجاویز دے دیں۔ گذشتہ روز پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے وفد نے صوبائی صدر یوسف بلا اور ارشد بٹ کی قیادت میں نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ سے ملاقات کی جبکہ وفد میں راشد گجر، جاوید بھٹی اور بابا مجید شامل تھے۔

وفد کے ارکان نے ایڈمن آفیسر کے تبادلہ اور کسی فرض شناس ڈاکٹر کو ایڈیشنل ایم ایس ایڈمن تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔ ارشد بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے واضح احکامات کے باوجود سروسز ہسپتال میں کنٹریکٹ اور بورڈ آف مینجمنٹ کے ملازمین کی مستقلی کا کیس سردخانے میں پڑا ہے جس سے ملازمین خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں جس کا ان کی کارکردگی پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ان ملازمین کے سر پر سے عدم تحفظ کی تلوار کو ہٹایا جائے۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عمر فاروق نے پیرا میڈیکل سٹاف کے رہنماوٴں کو یقین دلایا کہ وہ سروسز ہسپتال کی بہتری اور ملازمین کی فلاح کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ میری موجودگی میں کسی بھی اعلی یا ادنی ملازم سے کوئی نا انصافی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کی خدمات کو سراہا جائے گا جبکہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش نہ آنے اور نذرانہ وصول کرنے، ڈیوٹی سے غیر حاضری کے عادی اور ڈسپلن کی پابندی پر عمل نہ کرنے والے اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔