منفی سیاست سے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی محنت اورجہد مسلسل سے کریں گے، میاں شہبازشریف‘

جمعرات 30 اکتوبر 2014 21:26

لندن ،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے سرمایہ کاری کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری اورصنعتوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اوراس ضمن میں حال ہی میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت حکومت کی معاشی و اقتصادی پالیسیوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیاد ت میں حکومت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے جس کی بدولت سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کااظہار لندن میں پاکستانی بزنس مینوں اورسرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاکہ کسی بھی ملک میں جمہوری استحکام سے ہی معاشی، تجارتی، کاروباری اوراقتصادی سرگرمیاں بڑھتی ہیں۔لانگ مارچ ،دھرنوں اور احتجاجی سیاست سے نہ صرف ملک میں انتشار پیدا کرکے سرمایہ کاری روکنے کی کوشش کی گئی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بھی متاثر ہوئی اور ایک سازش کے تحت قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے باعث ہی چین کے صدراوربعض دیگر ممالک کے سربراہان کے علاوہ اعلی سطح کے وفود کے پاکستان کے دورے ملتوی ہوئے ۔ہمارے عظیم ہمسایہ اوردوست ملک چین کے صدر کے دورے کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہونے تھے اور بعض منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جانا تھا لیکن ان دھرنوں کی وجہ سے پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے یہ منصوبے التواء کا شکار ہوئے۔

پاکستا ن کے 18کروڑ عوام ملک کی ترقی میں رخنہ ڈالنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں کامیاب ہوئی ہیں جو ناخوشگوارماضی کو بھول کرمحنت اورجدوجہد سے کام کرتی ہیں اور آگے بڑھتی ہیں اورہم بھی دھرنوں اورمنفی سیاست سے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی محنت اور جہد مسلسل سے کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے ۔

توانائی سمیت دیگر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔پاکستانی سرمایہ کار اور بزنس مین یہاں سرمایہ کاری کریں تو ہمیں خوشی ہو گی۔پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ترجیحی بنیادوں پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل اورانہیں سہولتوں کی فراہمی کے لئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ فعال اور متحرک انداز سے کام کررہا ہے اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں دی جارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش توانائی بحران کے خاتمے کے لئے بھی سنجیدگی سے آگے بڑ ھ رہے ہیں ۔صنعتکاری اورسرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بجلی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جارہاہے ۔حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔انشاء اللہ پاکستان کو جلد توانائی بحران سے نجات ملے گی۔انہوں نے کہاکہ جہاں غیر ممالک میں بسنے والے پاکستانی قیمتی زرمبادلہ بھیج کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنا نے میں اپنا کردارادا کررہے ہیں وہاں پاکستانی بزنس مین اور سرمایہ کار آگے بڑھیں اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھر پور فائد ہ اٹھائیں -انہیں ہر ممکن سہولتیں اورسرمایہ کاری کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔