جماعت اسلامی نے مینار پاکستان پر ہونے والے اجتما ع عام کی تیاریوں کا آغاز کر دیا

جمعرات 30 اکتوبر 2014 21:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) جماعت اسلامی کے تحت 21تا23نومبر مینار پاکستان لاہور میں ہونے والے تاریخی اور عظیم الشان اجتماع عام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اجتماع میں بڑے پیمانے پر مرد و خواتین کو شریک کرانے کے لیے جماعت اسلامی اور اس کی برادر تنظیموں نے گھر گھر جا کر رابطوں کا آغاز کر دیا ہے ۔اساتذہ ،طلباء ،وکلاء ،انجےئرز ،علمائے کرام ،تاجر و صنعت کار اور مزدوروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

اضلاع کو اجتماع عام میں عام افراد کی شرکت کا بھی ہدف دے دیا گیا اور اجتماع عام سے قبل مختلف پروگرامات بھی تشکیل دیے گئے ہیں ۔ایک پبلسٹی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس کے تحت اجتماع عام کے سلسلے میں ڈاکو مینٹریز ،ترانے ،پوسٹرز ،بینرز ،پمفلٹ ،خطوط اور دیگر اشتہاری لوازمات تیار کیے جا رہے ہیں اس سلسلے میں شہر کے مختلف مقامات پر کیمپس بھی لگائے جائیں گے ،اجتماع عام میں بذریعہ ہوائی جہاز شرکت کرنے کے خواہش مند مرد و خواتین کے لیے دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نور حق میں ایک ڈیسک بھی قائم کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ایک ایک فرد اور ایک ایک گھر جا کر عوام کو لاہور میں ہونے والے اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دیں ،انہوں نے کہا کہ آج پاکستان جن اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے ایسے میں لاکھوں افراد کا مینار پاکستان پر جمع ہونا خوشگوار ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اجتماع کے موقع پر سراج الحق ملک میں ایک نئی تحریک چلانے کا اعلان بھی کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :