ضرب عضب کی وجہ سے محرم میں سیکیورٹی کے خدشات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں،گورنرسندھ

جمعرات 30 اکتوبر 2014 21:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ک ضرب عضب کی وجہ سے محرم میں سیکیورٹی کے خدشات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوس عزاداری اور مجالس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے قانون نافذکرنے والے اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے انٹیلی جنس اداروں کی کوششیں حالیہ دنوں میں بڑی بارآور رہی ہیں اور کامیاب آپریشن کے ذریعے دہشت گردی کے بڑے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے ان اداروں نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔

یہ بات انہوں نے عاشورہ محرم کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی جس میں ڈی جی رینجرز بلال اکبر ، آئی جی پولیس غلام حیدر جمالی، سیکریٹری ٹو گورنر اختر غوری اور اے آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علماء اور عوام کا تعاون عاشورہ محرم کو امن و امان کے ساتھ گزارنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا علماء کرام کی کاوشیں ان موقعوں پر ہمیشہ سے اہمیت کی حامل رہی ہیں ان کے تعاون سے سیکیورٹی کی فراہمی کے فراہمی اور امن و امان بحال رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر کی پوری کوشش ہوگی کہ عاشورہ محرم کے دوران امن و امان کے مسائل پیدا کریں ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ذریعے ان گروہوں اوران کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کے لئے اپنی پوری توانائی صرف کریں تاکہ یہ عناصر صوبہ اور شہرمیں امن و امان کی فضا خراب کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئک ریسپانس اور سیکیورٹی ٹیموں کو بھی ہمہ وقت چوکس رکھاجائے قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے علاقوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں جہاں لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے نیلوفر سائیکلون کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بھی تفصیلات حاصل کیں اور اس ضمن میں انتظامات کے لئے ضروری ہدایات دیں۔

متعلقہ عنوان :