خیبرپختونخوا میں ترقیاتی کاموں میں تاخیر اوربے قاعدگیوں کے خلاف کاروائی کاحکم

جمعرات 30 اکتوبر 2014 20:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے میں ترقیاتی عمل زور و شور سے شروع ہونے کے ساتھ ہی بعض کنسلٹنٹس کی نااہلی اور بے قاعدگیوں کا سخت ترین نوٹس لیتے ہوئے مطلوبہ معیار پر پورا نہ اُترنے والے غلط کنسلٹنٹس کی تقرری پر متعلقہ ذمہ دار حکام کیخلاف اعلیٰ سطح پر محکمانہ کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے اسی طرح انہوں نے بنوں میں ایک کنسلٹنٹ کیخلاف کروڑوں روپے کے پراجیکٹ میں بدعنوانی کے ثبوت سامنے آنے پر یہ کیس فوری طور پر احتساب کمیشن کو بھیجنے کی ہدایت کردی ہے جو حال ہی میں قائم ہونے والے اس کمیشن کو ریفر ہونے والا پہلا کرپشن کیس ہو گا پرویز خٹک نے واشگاف الفاظ میں واضح کیا کہ کنسلٹنٹس کو ایک نیا مافیا بننے کی بجائے شفافیت اور تعمیر و ترقی کے وہ ارفع مقاصد پورے کئے جائیں گے جن کیلئے انکا تقرر ہوا ہے انہوں نے کہا کہ چیک اینڈ بیلنس کا خود کار نظام قائم ہونے کی بدولت کرپشن پر دیگر کے علاوہ کنسلٹنٹ بھی فوری پکڑے جائیں گے اور انکی کروڑوں روپے کی سیکورٹی ضبط ہونے کے علاوہ سنگین بے قاعدگیوں پر جیل کی سلاخوں کے پیچھے جانے اور جائیدادوں سے بھی محروم ہو سکتے ہیں آئندہ شاید وزیراعلیٰ یا طاقتور وزیر کو بھی کرپشن کے تصور سے خوف آئے گا وہ ٹھیکیدار برادری کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے رکن صوبائی اسمبلی ملک ریاض خان کی زیرقیادت اُن سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اُنہیں ٹھیکیدار برادری کودرپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور تعمیر و ترقی کے محکموں کے انتظامی سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی ٹھیکیدار برادری نے ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز اور ٹھیکوں میں کرپشن اور کمیشن کے ناسور کے خاتمے اور قومی تعمیر و ترقی کے تمام معاملات کو شفاف بنانے پر پی ٹی آئی حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی پالیسی اور حکمت عملی کو انقلابی قرار دیتے ہوئے اسکی مکمل حمایت کی اور اس پر عملدرآمد میں بھر پور تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا نیز واضح کیا ہے کہ وہ تعمیراتی محکموں اوراداروں میں کمیشن مافیا کی بیخ کنی کے جہاد میں عملی طور پر شریک ہونا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت، پائیدار اور معیار کے مطابق تکمیل کے اس سنہرے دورمیں داخل ہونا چاہتے ہیں جسکے عوام برسوں سے منتظر تھے انہوں نے اعتراف کیا کہ کمیشن مافیا کے خاتمے سے محکموں،ٹھیکیدار برادری اور عوام کو فائدہ پہنچے گااُنہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی شفاف اور عوام دوست پالیسی کے تحت ہم بھی سکیموں کا ایسا معیار قائم کریں گے جس سے موجودہ حکومت کی نیک نامی میں اضافہ ہو پرویز خٹک نے ٹھیکیدار برادری کے جذبے کو سراہتے ہوئے انکے پیش کردہ تمام مسائل کے مناسب ازالے کا یقین دلایا اور واضح کیا کہ انکی حکومت ٹھیکیدار برادری سے مشاورت اور رہنمائی کا عمل بھی جاری رکھے گی تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہم اندھے ،گونگے یا بہرے نہیں ہماری ہر چیز پر نظر ہے اور تبدیلی کا عمل ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچانا بخوبی جانتے ہیں ہمیں دھوکہ دینے اور اندھیرے میں رکھنے کا سوچنے والے احمقوں کی جنگ میں رہتے ہیں پرویز خٹک نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت کی شفاف پالیسیوں اور قوانین سے جہاں کرپشن، اقرباء پروری اور نااہلی کا خاتمہ ہوگا وہاں ٹھیکیدار برادری سمیت عوام کے تمام طبقوں کی خوشحالی یقینی بنے گی اُنہوں نے کہا کہ کرپشن قومی ترقی کی جڑیں کاٹ دیتی ہے جس کا سو فیصد خاتمہ عوام کی سو فیصد خوشحالی کا ضامن ہے اور ہماری منزل بھی اسی مقصد کا حصول ہے اُنہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹ پالیسی متعارف کرنے کا مقصد کروڑوں اربوں روپے کے کثیر قومی سرمائے سے مکمل ہونے والی سکیموں کے معیار پر ڈبل چیک کانظام شروع کرنا اور خراب میٹریل کے استعمال کی روک تھام ہے اس کے علاوہ فنڈز کے خرد برد اور دیگر بد عنوانیوں کا خاتمہ بھی ہو گاوزیر اعلیٰ نے وفد کی طرف سے پیش کر دہ مسائل و مطالبات پر غور کیلئے سیکرٹری منصوبہ بندی کی سربراہی میں حکومت اور ٹھیکیدار برادری کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنانے کی ہدایت کی اور اُن کا حقیقت پسندانہ بنیادوں پر جائزہ لے کر سفارشات کی رپورٹ انہیں پیش کرنے کی ہدایت کی اُنہوں نے دیگر تمام مطالبات کمیٹی کے زیر غور لانے کی ہدایت بھی کی انہوں نے واضح کیا کہ احتساب کمیشن بن گیا ہے اسلئے ٹھیکیدار برادری کرپشن کا کوئی بھی کیس حکومت کے نوٹس میں لائیں تاکہ احتساب کمیشن کے ذریعے ذمہ داران کی سرزنش کے علاوہ غبن شدہ رقم کی واپسی یقینی بنائی جائے جو دراصل غریب عوام کی امانت ہے ۔

متعلقہ عنوان :