پاسبان پاکستان کاخیبر پختونخواہ اسمبلی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے پیش کردہ قرار داد کی متفقہ منظوری کا خیر مقدم

جمعرات 30 اکتوبر 2014 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے خیبر پختونخواہ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے صوبائی رکن اسمبلی محمدعلی کی جانب سے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے پیش کردہ قرار داد کی متفقہ منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لئے قرار دادوں کی منظور ی سے بڑھ کر عملی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

پاسبان انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ ، برطانیہ ، بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک کی مثالیں ہمارے سامنے موجود ہیں جب ان کی حکمران اور اپوزیشن سیاسی قیادت نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرکے غیر ممالک کی جیلوں سے ریمنڈڈیوس جیسے جاسوس اور قاتل مجرم شہری رہا کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری اور بے گناہ ہونے کے ناطے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ حکمرانوں ، تمام اداروں، سیاسی جماعتوں اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کیلئے دنیا بھر میں بھرپور حمایت موجود ہے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی قیادت روایتی بیان بازی سے ہٹ کر قوم کی بیٹی عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے عملی جدوجہد کیلئے میدان میں آئیں۔#