Live Updates

تحریک انصاف کافرد جرم عائد ہونے کے بعد حنیف عباسی کو میٹروبس پراجیکٹ کی سربراہی سے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ

جمعرات 30 اکتوبر 2014 19:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے انسداد منشیات کی عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد ہونے کے بعد حنیف عباسی کو میٹروبس پراجیکٹ کی سربراہی سے فوری طور پر ہٹانے کے مطالبہ کیاہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ ایفیڈرین کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد حنیف عباسی کو میٹروبس پراجیکٹ کی سربراہی پر برقرار رکھنے کا کیا جواز ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد سے جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے حنیف عباسی پر فرد جرم مسلم لیگ نواز کی بدعنوانیوں کا واضح ثبوت ہے اور عام شہریوں کی زندگیوں کے حوالے سے اس کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔ حنیف عباسی پانچ سوکلو گرام تک کی منشیات بیچنے اور بیرون ملک اسمگل کرنے میں ملوث رہے ہیں۔ اپنے بیان میں حنیف عباسی کو میٹروبس پراجیکٹ کی سربراہی سے فوری طور پر برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ حنیف عباسی کی موجودگی نہ صرف منصوبے کی ساکھ بلکہ اس کی بڑھتی ہوئی قیمت پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بدعنوان لوگوں کو جب عوامی منصوبوں کی سربراہی پر مقرر کیا جاتا ہے تو ان کی لاگت میں اضافہ معمول بن جاتا ہے جس کا بوجھ عوام برداشت کرتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات