Live Updates

جماعت اسلامی وکٹ کے دونوں جانب کھیلنا بند کرے ،عمران خان کی سراج الحق کے بیان پر افسوس کا اظہار

جمعرات 30 اکتوبر 2014 19:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے تحریک انصاف سے متعلق بیان کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی وکٹ کے دونوں جانب کھیلنا بند کرے  سراج الحق اپنی پالیسی واضح کریں تبدیلی چاہتے ہیں اسٹیٹس کو کا دوام چاہتے ہیں مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اب تک کھولے جانے والے حلقوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں اور دھاندلی بے نقاب ہوئی ہیں، ان کے مطابق این اے 154، 125اور 118میں ڈبے بھرنے اور جعلی ووٹ ڈالنے کے شواہد سامنے آئے ہیں، PP-147کے چھ پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی کے واضح شواہد سامنے آئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اسپکر قومی اسمبلی این اے 122میں ووٹوں کی جانچ سے بچنے کیلئے مختلف قسم کے حیلوں بہانوں کے ذریعے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دے کر کہا کہ مئی 2013کے انتخابات جن کے بارے میں قومی سطح پر سیاسی اتفاقِ رائے موجود ہے کہ ان میں منظم انداز دھاندلی کی گئی، میں کی گئی بے نا انصافی کو نظر انداز کرنے سے سراج الحق اور ان کی جماعت کی اسلامی قوانین کے نفاذ کے ارادوں پر سنجیدہ سوالات جنم لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سراج الحق دیانتدار ہیں تو وہ اثاثے جمع کرنے کیلئے مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے قیادت کی جانب سے کی گئی لوٹ مار کو نظر اندازنہیں کر سکتے۔

ان کے مطابق سراج الحق نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف نیب میں زیر التواء مقدمات کو آسانی سے نظر انداز کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت کا یہ اقدام بذات خود ایک بہت بڑی ناانصافی ہے کیونکہ نہ تو ان کے خلاف نیب کا کوئی مقدمہ موجود ہے اور نہ ہی انہوں نے بیرون ملک دولت اکٹھی کر رکھی ہے ۔ اپنے بیان میں چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اگر سراج الحق اور ان کی جماعت ،اسلامی قوانین کے نفاذ کا عزم رکھتے ہیں تو انہیں بدعنوان اور اخلاقی انحطاط حکمرانوں جو کہ قومی خزانے اور عوامی حقوق پر ڈاکہ زنی کیلئے مک مکا کیے ہوئے ہیں کے خلاف حصول انصاف کی ہماری جدوجہد کی حمایت کرنی چاہیے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ جماعت اسلامی دو رخی ترک کرے اور واضح کرے کہ وہ ملک میں تبدیلی چاہتی ہے یا اسٹیٹس کو کے دوام کی خواہاں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات