استعفوں کے معاملے پر پی ٹی آئی اور حکومت کا اندر سے موقف ایک ہی ہے،امیر مقام

جمعرات 30 اکتوبر 2014 19:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ استعفوں کے معاملے پر پی ٹی آئی اور حکومت کا اندر سے موقف ایک ہی ہے ،حکومت بھی یہی چاہتی ہے کہ استعفے منظور نہ ہوں جس میں نظام کی بہتری ہے ،جبکہ پی ٹی آئی والے والے بھی دل میں سب یہی چاہتے ہیں ،اور اگر استعفے دینا ہی چاہتے ہیں تو اس میں کیا حرج ہے کہ اگر ایک ایک کرکے سپیکر کو بتا دیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے سرکردہ مسلم لیگی رہنماؤں اور وفودسے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، جن میں کوہستان سے سابق رکن قومی اسمبلی ملک سعید احمد خان ، بونیر سے ضلعی صدر سر زمین خان ،سید معمبر باچہ ،نوشہرہ سے سابق امیدوار قومی اسمبلی پیر زوالفقار باچا ، صوابی سے رکن صوبائی اسمبلی شیراز خان ، سجاد خان شامل تھے ، خواتین ونگ خیبر پختونخوا کی صدر میڈم طاہرہ کی زیر قیادت خواتین کے ایک وفد نے بھی ان سے ملاقات کی جبکہ مسلم لیگ (ن) فاٹا کے صدر فقیر محمد کی قیادت میں قبائلی وفد نے بھی ملاقات کی جنہوں نے وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کو فاٹا میں جاری آپریشن خیبر ون اور جنوبی وزیرستان کے مسائل سے اگاہ کیا انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے ،وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انیوں نے کہا کہ دھرنوں کا یہ ڈرامہ اب ختم ہو جا نا چاہیے ، عمران خان کے دھرنوں سے مسلم لیگ (ن) کو نہیں پورے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے ،اور سب سے بڑھ کر ان کی اپنی پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے ،روزانہ ڈیڈلائنیں دینا ، پارلیمنٹ کو جعلی کہنا وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگنا ساری قوم اب ان باتوں کو مذاق سمجھ رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ جس طرح قادری صاحب واپس چلے گئے اب جلدعمران خان بھی واپس اپنے بچوں اور سسرالی رشتہ داروں کے پاس لندن چلا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا تہیہ کیا ہوا ہے ،اور انشاء اللہ اللہ کی مدد سے کامیابی ہوگی ،انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے تحفظات کا پورا پورا احساس ہے ،اور ان کے ساتھ کھڑا ہوں ،اور انشاء اللہ کارکنوں کی اب ضرور سنی جائے گی ،قبل ازیں ان سے صوابی کے وکلاء کے ایک وفد نے ملاقات کی جن کی قیادت ڈسٹرکٹ بار صوابی کے صدر کر رہے تھے ، جنہوں نے وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کو صوابی بار کے دورے کی دعوت دی ،جو انہوں نے قبول کر لی ۔