اوتھل ،مسافر کوچ اور مزدا ٹرک میں خوفناک تصادم،10سالہ بچی سمیت 2افراد موقع پرجاں بحق

جمعرات 30 اکتوبر 2014 17:15

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) اوتھل کے قریب مسافر کوچ اور مزدا ٹرک میں خوفناک تصادم،دس سالہ بچی سمیت دوافراد موقع پرجاں بحق،سات خواتین سمیت20افراد زخمی،زخمیوں میں سے آٹھ کی حالت تشویشناک،حادثے کی وجہ مسافرکوچ کے سامنے آنے والااونٹ بتایاجاتاہے\ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی علیٰ الصبح بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے صد رمقام اوتھل سے 10کلومیٹر دورآہورہ کے مقام پر کوئٹہ سے کراچی جانیوالی الحکمت مسافرکوچ نمبرLWN-3400 اور کراچی سے کوئٹہ جانے والے مزدا ٹرک نمبرTKA-358 میں خوفناک تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں مسافرکوچ میں سوار دس سالہ ہنزلہ بنت محمد انورہزارہ ساکن ملیرکراچی اور کوچ ڈائیورشاہ محمدساکن کوئٹہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر 20مسافر فیروزحسین ولدحسین ساکن ملیرکراچی،محمدیوسف ولدعلی محمد،سرورحسین ولدحیدر علی،محمدیوسف ولدعلی حسن،وزیر محمد ولد محمد خان ساکن قلعہ عبداللہ،فرازولدمشتاق علی،حنازوجہ ذوالفقارعلی ہزارہ،زیبابنت ذوالفقارعلی،اقراء بنت محمدانور،شاہدہ پروین زوجہ سید پرویز حسین،گلمازوجہ علی حسن اور دیگر شدید زخمی ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی،پاکستان کوسٹ گارڈاور موٹروے پولیس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ایدھی اور پاکستان کوسٹ گارڈکی ایمبولینس میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل لایا گیا جہاں پر نعشیں ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا زخمیوں میں سے آٹھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

حادثے کی وجہ مین قومی شاہراہ پر موجود اونٹ بتایاجاتاہے جو اچانک مسافر کوچ کے سامنے آگیا جس کو بچاتے ہوئے مسافر کوچ تیزرفتاری کے باعث سامنے آنے والے مزدا ٹرک سے ٹکراگئی اوتھل پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔