اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا استعفیٰ منظور کرنے کی درخواست پر سپیکر پنجاب اسمبلی کو 20نومبر کیلئے نوٹس جاری

جمعرات 30 اکتوبر 2014 16:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کا استعفیٰ منظور کرنے کی درخواست پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کو 20نومبر کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا استعفیٰ منظور کرانے کی درخواست کی سماعت جسٹس عائشہ اے ملک کی عدالت میں ہوئی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار عبدالرشید سندھو نے موقف اختیار کیا کہ میاں محمود الرشید نے 27اگست کو پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا تھا مگر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے تا حال استعفوں کو منظور نہیں کیا۔ آئین کے تحت کسی بھی حلقے کو 60دن سے زائد عوامی نمائندگی سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ اسپیکر کو میاں محمود الرشید کا استعفیٰ منظور کرنے کا حکم دے اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 151میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی کو 20نومبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔