سراج الحق کا مطیع الرحمن نظامی کو سزائے موت سنائے جانے کیخلاف کل یوم احتجاج منانے کا اعلان

جمعرات 30 اکتوبر 2014 15:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر مطیع الرحمن نظامی کو نام نہاد ٹریبونل کی طرف سے سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے کے خلاف کل 31اکتوبر بروز ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومتوں اور اضلاع میں نماز جمعہ کے بعد جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے ہوں گے جن سے جماعت اسلامی کے رہنما خطاب کریں گے ۔

اپنے بیان میں سراج الحق نے کہاہے کہ بنگلہ دیشی حکومت جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور اکابرین کو انتقام کا نشانہ بنارہی ہے ۔ ان کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے 1971 ء میں متحدہ پاکستان کی حمایت کی تھی ۔ ان پر جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ سب جھوٹے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ حکومت پاکستان اور OIC سمیت دیگر اسلامی ممالک اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور دنیا بھر کی انصاف پسند تنظیموں اور ممالک نے بھی بنگلہ دیش میں انصاف کے قتل عام پر چپ سادھ رکھی ہے ۔

سراج الحق نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کو او آئی سی اٹھائے اور بنگلہ دیش حکومت پر دباؤ بڑھائے ۔سراج الحق نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کو جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں شریک ہوکر اس ظلم کیخلاف آواز بلند کریں۔

متعلقہ عنوان :