مہر گڑھ سے چوری ہونے والے بدھا دور کے قیمتی نوادرات اٹلی سے برآمد کر لیے گئے

جمعرات 30 اکتوبر 2014 13:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء)بلوچستان کے علاقے مہر گڑھ سے چوری ہونے والے بدھا دور کے قیمتی نوادرات اٹلی سے برآمد کر لیے گئے۔صوبائی حکومت کے ایک ترجمان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ اطالوی حکومت نے اسلام آباد میں حکام کو مطلع کیا کہ انہوں نے پاکستان سے سمگل ہونے والے نوادرات برآمد کر لیے ترجمان نے بتایا کہ یہ نوادرات ،جن میں بدھا کا مجسمہ بھی ہے ‘ بولان پاس کے پہاڑی علاقے میں مہرگڑھ سے کھدائی کے دوران دریافت ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق، یہ نوادرات بعد میں چوری کے بعد مہنگے داموں اٹلی سمگل کر دئیے گئے اس سے پہلے وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بتایا تھا کہ انہوں نے اٹلی سے نوادرات واپس لانے کیلئے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی۔ایک سینئر افسر نے کہا کہ سمندر کے ذریعے یورپ سمگل کئے گئے ان نوادرات کی چوری سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے ہوئی۔سرکاری محکموں میں موجود کچھ کالی بھیڑوں نے ان نوادرات کو پاکستان سے باہر سمگل کرنے میں مدد فراہم کی۔