جنوبی وزیرستان ، ڈرون حملے میں عرب کمانڈر عادل سمیت 4 جنگجو ہلاک

جمعرات 30 اکتوبر 2014 11:30

جنوبی وزیرستان ، ڈرون حملے میں عرب کمانڈر عادل سمیت 4 جنگجو ہلاک

وانا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں ڈورن حملے میں عرب کمانڈر سمیت چار جنگجو مارے گئے جس مکان کو نشانہ بنایا گیا عسکریت پسند اسے ایک مرکز کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ امریکی ڈرون طیاروں نے جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے گاؤں اعظم ورسک میں اشرف وزیر نامی قبائلی کے گھر پر 4 میزائل داغے ۔

حملے میں معروف عرب کمانڈر عادل اور ان کے 3 ازبک ساتھی مارے گئے ۔ ہلاک ہونے والے عرب اور ازبک جنگجوؤں کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے بتایا جاتا ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حملہ آج صبح جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا سے تقریناً دس کلو میٹر دور تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں ایک گھر پر کیا گیا ، حملے میں چار افراد مارے گئے ۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق جس گھر کو نشا نہ بنایا گیا عسکریت پسند اسے ایک مرکز کے طور پر استعمال کر رہے تھے ۔

رواں سال جنوبی اور شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کی جانب سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں اور گاڑیوں پر کل پندرہ حملے کئے گئے جن میں سے 2 حملے جنوبی وزیرستان جبکہ 13 حملے شمالی وزیرستان میں کیے گئے ہیں ۔ ان حملوں میں درجنوں شدت پسند مارے جا چکے ہیں ، بیشتر ڈرون حملے شمالی وزیرستان میں کئے گئے تاہم جنوبی وزیرستان میں بھی ڈرون حملوں میں مبینہ شدت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ رواں برس شمالی وزیرستان میں 15 جون سے فوجی آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد بیشتر شدت پسند پاک افغان سرحدی علاقوں کی جانب منتقل ہو گئے ہیں۔