سنی اتحاد کونسل نے حکومت کی ناقص کارکردگی پر وائٹ پیپر کی تیاری کے لیے کمیٹی قائم کر دی

بدھ 29 اکتوبر 2014 23:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 اکتوبر۔2014ء) سنی اتحاد کونسل نے حکومت کی 16 ماہ کی ناقص کارکردگی پر مشتمل وائٹ پیپر کی تیاری کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی میں طارق محبوب صدیقی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، ملک بخش الٰہی، میاں فہیم اختر، سیّد جوادالحسن کاظمی، ارشد مصطفائی اور مفتی محمد حسیب قادری کو شامل کیا گیا ہے۔

جبکہ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نوازشریف کرنسی اور ایجنسی میڈ لیڈر ہے۔ حکمران بجلی مہنگی کر کے عوام دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بجلی کے نرخوں میں بلاجواز اضافہ واپس لیا جائے۔ کابینہ میں ردوبدل سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمنی میں واشنگٹن، دہلی اور کابل متحد ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی سرحدوں پر افغانستان، بھارت اور ایران کی جھڑپیں عالمی کھیل کا حصہ ہیں۔ واقعہٴ کربلا سے ظالم حکمرانوں سے لڑنے کا سبق ملتا ہے۔ بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی آگ سے کھیل رہا ہے۔ امن کی آشا والے بتائیں کہ بھارت اسلحہ کے انبار کس کے خلاف اکٹھے کر رہا ہے۔

8 سو ارب کا بھارتی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہو گا۔ دھرنوں نے حکومت کو عوام سے کیے وعدے یاد دلائے۔ قوم کو بھارت نواز حکمران قبول نہیں ہیں۔ مسلمان باہمی انتشار اور عیش پرست حکمرانوں کی وجہ سے ہر جگہ خوار ہو رہے ہیں۔ پاکستان دشمنوں کے گھیرے میں ہے۔ ان حالات میں پاکستان کو دلیر وزیراعظم کی ضرورت ہے۔ امریکہ بھارت کا تحفظ کرنے کے لیے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ختم کرنا چاہتا ہے۔