طاہر القادری کا بیرون ملک جانے کا فیصلہ، آج رات روانہ ہونگے

پیر 27 اکتوبر 2014 19:53

طاہر القادری کا بیرون ملک جانے کا فیصلہ، آج رات روانہ ہونگے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اکتوبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری یورپ کے 15 روزہ دورے پر آج رات روانہ ہونگے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ میں آج رات بیرون ملک کے دورے پر جا رہا ہوں۔آج رات ساڑھے 3 بجے کی فلائٹ سے لندن روانہ ہونگا۔ لندن میں 6 گھنٹے کے ٹرانزٹ کے بعد نارتھ امریکا روانہ ہونگا۔

اب زیادہ وقت امریکا میں گزاروں گا، 13 نومبر کو کینیڈا جائوں گا جبکہ 16 نومبر کو وطن واپسی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں امریکا اور کینیڈا میں تنظیم کو متحرک کرونگا۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے یورپی ممالک کے 15 روزہ دورے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیرون ممالک کے دورے کے دوران طاہر القادری چندہ مہم اور اپنی پارٹی کی نتظیم سازی کرینگے جبکہ کینیڈا میں آنکھوں کا معائنہ بھی کروائیں گے۔

یاد رہے کہ طاہر القادری نے دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ دو ماہ سے جاری اپنی جماعت کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انقلاب کے اگلے مرحلے میں ملک کے مختلف شہروں میں دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا دھرنا اپنے مقاصد حاصل کر چکا ہے اور اس احتجاج کے نتیجے میں قوم جاگ گئی ہے۔ انہوں نے دو ماہ سے زائد عرصے سے دھرنے میں موجود اپنے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا سامان سمیٹ کر گھروں کو لوٹ جائیں۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وہ محرم الحرام کے احترام میں اپنی احتجاجی تحریک معطل رکھیں گے اور محرم کے اختتام پر 23 نومبر کو بھکر میں دھرنے سے دوبارہ تحریک کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے 5 دسمبر کو سرگودھا، 14 دسمبر کو سیالکوٹ اور 25 دسمبر کو کراچی میں دھرنے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :