وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کیلئے ”خادم پنجاب امدادی پیکیج “کے دوسرے مرحلے کی منظوری دیدی ،دوسرے مرحلے میں سروے کی بنیاد پر گھروں اور فصلوں کوپہنچنے والے نقصانات کے ازالہ کیلئے مالی امداد کی ادائیگی کی جائے گی،سیلاب سے متاثرہ صوبے کے 16اضلاع میں جن لوگوں کا ذریعہ معاش متاثر ہوا ہے انہیں بھی معاوضہ دیں گے،عالمی اداروں کا سروے پر اعتماد کا اظہار کا کریڈٹ صوبے کی سیاسی و انتظامی ٹیم کوجاتاہے جوحکومت کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد اور سروے پر عالمی اداروں کے اظہار اعتماد پر عوامی نمائندوں اور صوبائی انتظامی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں،پنجاب حکومت نے وعدے کے مطابق متاثرین کو مالی امداد کی پہلی قسط مہینوں نہیں دنوں میں ادا کر کے مثال قائم کی ہے ‘ اجلاس سے خطاب

اتوار 26 اکتوبر 2014 18:56

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کیلئے ”خادم پنجاب امدادی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین کو پہلے مرحلے میں مالی امداد کی پہلی قسط کی ادائیگی کا عمل احسن طریقے سے مکمل ہو چکا ہے اور پہلے مرحلے میں مجموعی طو رپر 83557 متاثرہ خاندانوں کو 25،25ہزار روپے مالی امداد کی ادائیگی کی جا چکی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مستند سروے کی بنیاد پر تخمینہ لگاکر گھروں اور فصلوں کوپہنچنے والے نقصانات کے ازالہ کے لئے مالی امداد کی ادائیگی کی جائے گی اورسیلاب سے متاثرہ 16اضلاع میں جن لوگوں کا ذریعہ معاش متاثر ہوا ہے انہیں بھی معاوضہ دیں گے۔

وہ اتوار کے روز یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں سیلاب متاثرین کو دوسرے مرحلے میں مالی امداد کے طریقہ کار کا جائزہ لیاگیااور دوسرے مرحلے میں مالی امداد کی ادائیگی کے حوالے سے منظوری دی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ایم پی اے عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، انسپکٹر جنرل پنجاب، سیکرٹریز داخلہ، اطلاعات ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی نادرا ،صدر بینک آف پنجاب ،ڈی جی پی ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے سیلاب متاثرین کوخادم پنجاب امدادی پیکیج 2014 کے تحت دوسرے مرحلے میں مالی امداد کی ادائیگی کے طریقہ کارکے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کو تاریخ کے بد ترین سیلاب کاسامنا کرنا پڑا ہے، پنجاب حکومت ،صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور انتظامیہ نے سیلاب متاثرین کی بھر پور مدد کی اور ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں شبانہ روز کام کر کے ایک مثال قائم کی۔

سیلاب متاثرین کی بحالی کے مرحلے میں پنجاب حکومت متاثرین کوپہلی قسط کی ادائیگی کا کام مکمل کر چکی ہے جس پر 2ارب روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دوسرے مرحلے میں سروے کی بنیاد پر جن گھروں کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے انہیں مالی امداد کی دوسری قسط دی جائے گی جبکہ فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کا مالی معاوضہ بھی دیاجائے گا۔

گھروں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے سروے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایاجائے گا۔دوسرے مرحلے میں مالی امداد کی ادائیگی بھی انتہائی شفا ف اور تیز رفتاری سے کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے وعدے کے مطابق متاثرین کو مالی امداد کی پہلی قسط مہینوں نہیں دنوں میں اد کر کے مثال قائم کی ہے ،قومی وسائل کی ایک ایک پائی شفاف طریقے سے سیلاب متاثرین پرخرچ کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک اور یواین ڈی پی کی جانب سے پنجاب حکومت کے نقصانات کے حوالے سے کئے جانے و الے سروے پربھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیاہے ۔عالمی اداروں کا سروے پر اعتما د کا اظہارکا کریڈٹ صوبے کی سیاسی و انتظامی ٹیم کو جاتاہے جو پنجاب حکومت کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے عالمی اداروں کی جانب سے اعتماد کے اظہار پر عوامی نمائندوں اورصوبائی انتظامی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔