کراچی،رزاق آبادپولیس اسٹیشن کےقریب پولیس مقابلہ، 9 دہشتگرد مارےگئے

اتوار 26 اکتوبر 2014 17:37

کراچی،رزاق آبادپولیس اسٹیشن کےقریب پولیس مقابلہ، 9 دہشتگرد مارےگئے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اکتوبر۔2014ء) کراچی میں نیشنل ہائی وے پر محمد خان گوٹھ میں دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان مقابلے میں کالعدم تنظیم کے نو دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید ترین اسلحہ، گولا بارود کا ڈھیر اور خود کش جیکٹس بھی برآمد ہوئیں۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق نیشنل ہائی وے پر محمد خان گوٹھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیزمواد اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، جب کہ ان کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ کارروائی کےدوران 2 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد شہر میں محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بارود سے بھرا رکشا بھی برآمد کیا گیا، ملزمان شہر میں متعدد تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کافی عرصے سے کراچی پولیس کو مطلوب تھے۔ایس ایس پی راؤ انوار کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے گزشتہ دنوں قائد آباد میں پولیس اہلکاروں سے چھینا گیا سرکاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔