پاکستان میں سیاسی پارٹیوں کے باہمی لڑائی جھگڑے بھارت او ر امریکہ کی ساز باز کا نتیجہ ہے،حافظ سعید

کفار کا مسئلہ ہو تو اقوام متحدہ جیسے ادارے فی الفور حرکت میں آجاتے ہیں اور ترجیحی بنیادوں پر انہیں حل کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں مگر مسلمانوں کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی، تربیتی نشست سے خطاب

اتوار 26 اکتوبر 2014 14:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 26اکتوبر 2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی پارٹیوں کے باہمی لڑائی جھگڑے بھارت او ر امریکہ کی ساز باز کا نتیجہ ہے ، آنے والے دنوں میں وہ سرجیکل سٹرائیکس اور پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ، اسلام دشمن قوتوں کی پوری کوشش ہے کہ مسلمانوں کا رخ غاصب قوتوں کی بجائے اپنے ہی مسلمان بھائیوں کی طرف ہو۔

ہمیں ان سازشوں کو سمجھتے ہوئے اتحادویکجہتی کے ذریعہ ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آبناد میں ذمہ داران وکارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ 27اکتوبر کو بھارت نے اپنی فوج مقبوضہ کشمیر میں داخل کر دی ۔

(جاری ہے)

قائداعظم نے اس وقت کے انگریز کمانڈر انچیف جنرل گریسی کو حکم دیا کہ کشمیریوں کو بھارتی غاصبانہ قبضہ سے نجات دلانے کیلئے وہ بھی اپنی فوج کو کشمیر بھیجیں لیکن جنرل گریسی نے قائداعظم کا حکم ماننے سے انکار کر دیااور کہاکہ جب تک مجھے برطانیہ سے حکم نہیں ملے گا میں فوج داخل نہیں کروں گا۔

بعد ازاں مولا نا فضل الہٰی وزیر آبادی رحمة اللہ علیہ کی قیادت میں وزیرستان کے قبائل اور دیگر علاقوں کے مجاہدین نے بھارت کے خلاف جدوجہد کا آغازکیا اور وہ سری نگر تک پہنچ چکے تھے کہ اس وقت کا بھارتی وزیر اعظم نہروبھاگا ہوا اس مسئلہ کواقوام متحدہ لے گیا۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے موقع پر اس بات کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ مسلم اکثریتی علاقے پاکستان کا حصہ بنیں گے۔

کشمیر میں بھی اسی فیصد آبادی مسلمانوں کی تھی لیکن بھارت جانتا تھا کہ اگر یہ خطہ اسے نہ ملا تواس سرزمیں پر بہنے والی سبھی دریاپاکستان کے پاس جائیں گے اور وہ معاشی طور پر مضبوط ہوجائے گا اس لئے جغرافیائی طو رپر پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے بہت بڑی سازش کی گئی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ مودی اور اوبامہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی پارٹیوں کے باہمی لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے قوم میں انتشار پایا جاتا ہے اس لئے ان کے نزدیک یہ بہترین موقع ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنے مذموم منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں۔

مودی کے دورہ امریکہ کے فوری بعد کنٹرول لائن پر فائرنگ اور ڈرون حملے بھارت ، امریکہ ساز باز کا نتیجہ ہے۔ آنے والے دنوں میں وہ سرجیکل سٹرائیکس اور پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم حکمران جتنا مرضی کہتے رہیں کہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج ظلم و ستم ڈھارہی ہے۔ ہرروزکشمیریوں کو شہید اور ان کی املاک کونشانہ بنایا جارہاہے۔

اسی طرح اسرائیل نے فلسطین کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ مظلوم فلسطینی خیمہ بستیوں میں آباد ہیں اور اسرائیلی جہاز نہتے فلسطینیوں کی بمباری کر رہے ہیں‘ کوئی ان کی بات سننے کیلئے تیار نہیں ہوتا۔ کفار کا مسئلہ ہو تو اقوام متحدہ جیسے ادارے فی الفور حرکت میں آجاتے ہیں اور ترجیحی بنیادوں پر انہیں حل کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں لیکن مسلمانوں کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔