آصف زرداری نے کہا کہ ڈوگر بیٹا! 2013ء کا الیکشن فکس تھا‘عامر ڈوگر

پیپلزپارٹی کا سیکرٹریٹ ختم کرتے اور جھنڈا اتارتے وقت بہت دکھ ہوا‘کھری کھری باتیں

اتوار 26 اکتوبر 2014 14:16

آصف زرداری نے کہا کہ ڈوگر بیٹا! 2013ء کا الیکشن فکس تھا‘عامر ڈوگر

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 26اکتوبر 2014ء) ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 میں ضمنی انتخاب جیتنے والے آزاد امیدوار عامر ڈوگر نے کھری کھری باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری نے کہا کہ ڈوگر بیٹا! 2013ء کا الیکشن فکس تھا‘ بلاول بھٹو زرداری نے گو نواز گو کا نعرہ سن کر میز پر پڑا سامان نیچے گرادیا‘ پیپلزپارٹی کا سیکرٹریٹ ختم کرتے اور جھنڈا اتارتے وقت بہت دکھ ہوا‘ جب یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ٹکٹ آچکا تو خاصی دیر ہوچکی تھی‘ جب جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے مہنگائی‘ بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کیخلاف ریلیاں نکالنے کی کوششیں کی تو پیپلزپارٹی کی قیادت نے روک دیا۔

ایک انٹرویو میں عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ آزاد حیثیت سے الیکشن جیتا ہے‘ اسمبلی میں آزاد حیثیت سے بیٹھوں گا اور مستقبل میں تحریک انصاف کے ایک ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے کام کروں گا ۔

(جاری ہے)

میرے حلقے کے لوگ ”گو نواز گو“ کے نعرے پر ہی مجھے الیکشن لڑانا چاہتے تھے۔ سرائیکی صوبے کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ جب اعتزاز احسن 2013ء میں ہونے والے عام انتخابات میں پارٹی کی شکست کا جائزہ لے رہے تھے تو اس اجلاس میں زرداری نے کہا کہ الیکشن 2013ء فکسڈ تھا جس پر میرے پاؤں کے نیچے سے زمین نکل گئی اور میں خاصا دلبرداشتہ ہوا اور آصف زرداری سے کہا کہ اس طرح تو پیپلزپارٹی کی پنجاب میں سیاست ختم ہوجائے گی تو آصف زرداری نے کہا کہ بیٹا سیاست سیکھو‘ سکھاؤ نہیں۔

۔

متعلقہ عنوان :