کراچی ،حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں نیوز چینلز کی نشریات معطل ،قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 17:38

حیدر آباد/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 اکتوبر۔2014ء) کراچی اور حیدر آباد کے بیشتر علاقوں میں ہفتہ کو اچانک ملکی اور غیر ملکی نیوزٹی وی چینلز کی نشریات معطل کردی گئیں ۔نیوز چینل کی نشریات کی معطلی پر عوامی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں زور پکڑگئیں ۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے نشریات بندش کا ذمہ دار مافیا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیبل آپریٹرز نیوز چینلز کی نشریات بحال کردیں ان کی حفاظت یقینی بنائینگے،ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے صدر ،گلشن اقبال، شاہ فیصل ٹاوٴن،ملیر ،ایئرپورٹ ،سہراب گوٹھ ،جمشید ٹاوٴن،لسبیلہ لیاقت آباد ،نئی کراچی ،سائٹ ٹاوٴن ،بلدیہ ٹاوٴن، گڈاپ ،لانڈھی ،کونگی ،ابراہیم حیدری ،بن قاسم ٹاوٴن،ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد سمیت کئی علاقوں مین نیوز چینل کی نشریات معطل کردی گئیں جبکہ حیدر آباد کے متعدد علاقوں میں بھی نیوز چینلز کی نشریات معطل ہوگئیں ،شہری ایک دوسرے کو فون کرکے نشریات سے متعلق دریافت کرتے رہے جبکہ بعض علاقوں میں مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں نیوز چینلز کی نشریات ایک مافیا نے بند کرائی ہیں اور اس سلسلے میں کیبل آپریٹرز کو دھمکیاں دی گئی ہیں، تمام کیبل آپریٹرز نیوز چینلز کی نشریات بحال کردیں ،سندھ حکومت تمام کیبل آپریٹرز کو تحفظ فراہم کریگی، میں کیبل آپریٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تمام نیوز چینلز کی نشریات بغیر کسی خوف کے فوری طور پر بحال کردیں۔انہوں نے کہا کہ مافیا کی طرف سے نیوز چینلز کی نشریات بند کرانا انتہائی قابل مذمت ہے۔

متعلقہ عنوان :