جنرل (ر) حمید گل کا نعمت اللہ خان کو ٹیلی فون‘پروفیسر غلام اعظم کے انتقال پر تعزیت

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 اکتوبر۔2014ء) جنرل (ر) حمید گل کا سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان کو ٹیلی فون‘ بنگلہ دیشی جیل میں قید جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما پروفیسر غلام اعظم کے انتقال پر تعزیت کی‘ حمید گل نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ پروفیسر غلام اعظم کے انتقال سے جماعت اسلامی بنگلہ دیش میں بڑا خلا پیدا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ پروفیسر غلام اعظم پاکستان سے محبت کرتے تھے اور سقوط ڈھاکا کے مخالف تھے۔

انہوں نے مرحوم کی مغفرت کی بھی دعا کی۔ دریں اثناء ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما پروفیسر غلام اعظم کے جیل میں انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے پاکستان سے محبت کے جرم میں مسلمان دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے پروفیسر غلام اعظم کو پابند سلاسل کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر غلام اعظم پاکستان سے محبت کرتے تھے اور سقوط ڈھاکا کے مخالف تھے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کی مقبول ترین اسلامی تحریک ہے لیکن بنگلہ دیشی حکومت نے وہاں پاکستان سے محبت کرنے والے اس تحریک کے رہنماؤں پر بغاوت کا جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا اور ایک رہنما ملاعبدالقادر کو پھانسی دی گئی جو بنگلہ دیشی حکومت کی پاکستان اورمسلمانوں سے تعصب کی بدترین مثال ہے۔

نعمت اللہ خان نے کہا کہ غلام اعظم شہادت کا جذبہ لے کر اٹھے تھے بالآخر انہیں یہ رتبہ مل گیا۔ نعمت اللہ خان نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے اس موٴقف کی حمایت کی کہ حکومت پاکستان پروفیسر غلام اعظم کو ”شہید پاکستان“ کا خطاب دے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر غلام اعظم نے حق کی خاطر جدوجہد کی‘ ظالم و جابر حکمرانوں کے آگے سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے کہا کہ غلام اعظم کی جماعت اسلامی کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت و بلندیٴ درجات کے لیے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :