بینظیر بھٹو قتل کیس ‘انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے استغاثہ کے دو گواہوں پر جرح مکمل کرلی ‘دو گواہوں کو سمن جاری

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 16:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 اکتوبر۔2014ء) راولپنڈی کی انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں استغاثہ کے دو گواہوں پر جرح مکمل کرتے ہوئے دو اور گواہوں کو دوبارہ سمن جاری کردئیے ہیں۔ سنٹرل جیل اڈیالہ میں انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج پرویز اسماعیل جوئیہ نے بینظیربھٹو قتل کیس سماعت کی۔

(جاری ہے)

سابق صدرپرویزمشرف کے وکیل ملک صفدرجاوید اورپولیس افسران سعود عزیز،خرم شہزاد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کے گواہ سابق سیکرٹری داخلہ کمال شاہ ،سابق ڈی جی کرائسز مینجمنٹ سیل جاوید اقبال چیمہ پیش نہیں ہوسکے جنہیں دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کردئیے گئے۔

عدالت نے استغاثہ کے دوگواہوں پولیس کانسٹیبل ریحان اور محسن کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے کیس کی سماعت یکم نومبرتک ملتوی کردی ۔

متعلقہ عنوان :