اسلام آباد جلسے میں فحاشی، عریانی، باجے اور باجیاں ہوتی ہیں، مولانا فضل الرحمان

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 16:16

اسلام آباد جلسے میں فحاشی، عریانی، باجے اور باجیاں ہوتی ہیں، مولانا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر 2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ ہمارے جلسے میں تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم جبکہ اسلام آباد میں فحاشی، عریانی اور جنسی آلودگیاں نظرآتی ہیں جہاں باجے اور باجیاں ہوتی ہیں۔ وفاقی دارلحکومت میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی سیاسی منظرنامے پر کئی طریقوں سے جنگ جاری ہے ان میں ایک تہذیبی یلغار بھی ہے۔

اسلامی، قومی اور وطنی روایات کو مسخ کیا جارہا ہے، نوجوان نسل کو بزرگوں سے باغی بنایا جاریا ہے، اگر کوئی ہماری نئی نسل کو بے راہ رو کرے گا تو وہ خاموش نہیں رہیں گے، اسلام آباد میں فحاشی ، عریانی اور جنسی آلودگیاں نظرآتی ہیں، ہم بھی بہن بیٹی والے ہیں اور جو کچھ اس شہر میں کیا جارہا ہے وہ کسی بھی طرح ٹھیک نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ وہ صرف گناہ کو ہی گناہ نہیں بلکہ گناہ کے مناظر کو دیکھنا بھی گناہ سمجھتے ہیں، گزشتہ روز کوئٹہ میں ہمارا جلسہ ان کے کئی جلسوں کو ملا کر بھی بڑا تھا لیکن انہیں عوام کے سامنے پیش نہیں کیا جاتا، ہمارے جلسے میں تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم ہوتی ہے اور عمران خان کے جلسے میں باجے اور باجیاں ہوتی ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم آئین کی حدود میں رہتے ہوئے سیاست کررہے ہیں، کسی کے خلاف ہتھیار اٹھانا ہمارا مزاج نہیںہے، گزشتہ کچھ برسوں کے دوران ان پر کئی حملے ہوچکے ہیں لیکن انہیں آج تک یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کا قصور کیا ہے، ان واقعات میں ملوث افراد کون ہیں اور ان کے خلاف اب تک کیا کارروائی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور اسلام دشمن قوتیں پاکستان میں امن اور ترقی نہیں دیکھنا چاہتیں، پاکستان کا استحکام خطرے میں ڈالنے کےلئے ملک دشمن طاقتیں سرگرم عمل ہیں جن کا ڈٹ کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے اورقومی مفاد کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا پڑےگا۔

متعلقہ عنوان :