27اکتوبر تاریخ کا سیاہ دن ہے، بھارتی فوج نے زبردستی مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا،مہر النساء

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 16:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 اکتوبر۔2014ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ممبر و سابق ڈپٹی سپیکر مہر النساء نے 27اکتوبر کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 27اکتوبر کو بھارتی افواج سرینگر نہ اترتیں تو آج نہ صرف ریاست جموں و کشمیر آزاد ہوتی بلکہ لاکھوں کشمیریوں کی زندگیاں بھی محفوظ اور یہ خطہ جنگ کے ہولناک بادلوں سے محفوظ ہوتا ،گزشتہ روز دورہ مظفرآباد کے دوران مہر النساء نے مسلم کانفرنسی عہدیداران ،کارکنوں ،عمائدین ،مہاجرین اور صحافیوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیرکے اندر جنگ ہار چکا ہے اور بوکھلاہٹ میں سیز فائر لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا جواز اپنی شکست کی خفت مٹانے کے لیے فائرنگ گولہ باری کر رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے پانچ اضلاع کے 45لاکھ لوگ سیلاب سے بری طرح متاثر ہیں اور لاکھوں خاندان کھلے آسمان تلے زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں بھارتی حکومت اور کٹھ پتلی انتظامیہ ان کی بحالی کے لیے کام کرنے کے بجائے سیز فائر لائن پر فائرنگ اور گولہ باری کر کے دنیا کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے میں مصروف ہے ،مہر النساء نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاستی عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑتی رہیگی اور حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :