نوشکی،جمعیت علما اسلام کے زیر اہتمام مولانا فضل الرحمن پر خودکش حملے کیخلاف ریلی نکالی گئی

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 15:04

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 اکتوبر۔2014ء) جمعیت علما اسلام کے زیر اہتمام مولانا فضل الرحمن پر خودکش حملے کیخلاف ریلی نکالی گئی اور گل خان نصیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرے میں جمعیت علما اسلام اور جے ٹی آئی کا کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علما اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا منظور احمد مینگل، حافظ عبداللہ گورگیج ،حافظ زکریا عادل اور دیگر نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن پر خود کش حملہ مغربی قوتوں کی سازش ہے ،اور اس حملے کا مقصد عالم اسلام کے ہیروز کو ختم کرنا ہے جو کہ قابل مذمت عمل ہے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پر حملے کی ذمہ داری کسی ڈمی تنظیم سے قبول کروا کر امریکہ اپنی مکاریوں پر پردہ ڈال نہیں سکتا عالم اسلام اپنی ازلی اورحقیقی دشمن امریکہ کے کرتوتوں سے بخوبی واقف ہے ، مقررین نے کہا کہ پاکستان میں بلیک واٹر اپنی قدم مضبوط کر رہا ہے اور پاکستانی ادارے بلیک واٹر کی سرپرستی کر کے مغرب کی سازشوں کو کامیاب کرنے میں لگے ہوئے ہے،مولانا فضل الرحمن پر پے درپے حملوں سے واضح ہورہا ہے کہ اسلام کے دشمنوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ مولانا فضل الرحمن ہی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنی مزموم عزائم میں ناکامی کے بعد مختلف طریقوں اور اپنے ایجنٹوں کے زریعے اسلام کو کمزور کرنا چاہتا ہے اسلام آباد میں جاری فحاشی کے سامان کو آزادی اور انقلاب مارچ کے نام پر کامیاب بنانے کی کوششیں کی جارہی ہے،نوجوان لڑکیوں کو استعمال کرکے ملک میں فحاشی پھیلائی جارہی ہے میڈیا تمام تر مسائل کو چھوڑکر نام نہاد مغربی ایجنڈے کی پرچار کرنے والے دھرنوں کو مکمل کوریج دے رہی ہے جو ناقابل برداشت عمل ہے،انہوں نے کہا کہ امریکہ مختلف ادوار میں عالم اسلام کے خلاف سازشوں کا مرتکب ہورہا ہے مگر جب تک جمعیت علما اسلام کا وجود قائم رہے گا امریکہ اپنی عزائم میں قطعی کامیاب نہیں ہو سکے گا۔