فیصل آباد، بیس افراد کو حراست میں رکھنے کے الزام میں ملت ٹاؤن کے ایس ایچ او انسپکٹر وحید شاہد‘ اے ایس آئی سہیل احمد اور کانسٹیبل قیصر وغیرہ معطل

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 14:32

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 اکتوبر۔2014ء) گذشتہ رات سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک نے اچانک مختلف تھانوں پر چھاپے مار کر حوالاتوں میں بغیر مقدمہ درج کئے بیس افراد کو حراست میں رکھنے کے الزام میں ملت ٹاؤن کے ایس ایچ او انسپکٹر وحید شاہد‘ اے ایس آئی سہیل احمد اور کانسٹیبل قیصر وغیرہ کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

سی پی او نے بعدازاں مزید مختلف تھانوں میں بھی چھاپے مار کر غیر قانونی طور پر حوالاتوں میں رکھنے اور رشوت کے الزام میں تین پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کروادیا۔ جن تھانوں میں اچانک چھاپے مارے گئے ان میں تھانہ ملت ٹاؤن سے پانچ‘ تھانہ غلام محمد آباد سے دو‘ تھانہ سول لائن سے آٹھ اور تھانہ ریل بازار کی حوالات سے پانچ افراد بغیر مقدمہ کے بند تھے۔

(جاری ہے)

اس طرح سی پی او کی ہدایت پر بیس افراد کو تھانے سے بازیاب کروایا گیا جبکہ بعض ملازمین کو غیرقانونی اقدام کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز کو متنبہ کیا ہے کہ آئندہ حوالات میں گرفتاری ڈالے بغیر کسی ملزم کو نہ رکھا جائے اور اگر کسی نے ایسا کیا تو متعلقہ ایس ایچ او کے ساتھ ساتھ تھانے کا محرر بھی ذمہ دار ہوگا اور انہیں ناصرف ملازمت سے برطرف کیا جائے گا بلکہ ان کیخلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :