Live Updates

خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں ماہانہ ایک ہزار ایم ایم سی ایف گیس کی چوری روکنے میں ناکام ،صوبائی حکومت کا چکورہ اور جہانگیری سمیت مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے پر معذوری کا اظہار ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وفاقی حکومت کے نام خط میں اپنی بے بسی کا اظہار،چیئرمین اوگرا کے نام خط میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے صوبائی حکام کی مدد کی درخواست

جمعہ 24 اکتوبر 2014 22:45

خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں ماہانہ ایک ہزار ایم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں ماہانہ ایک ہزار ایم ایم سی ایف گیس کی چوری روکنے میں ناکام ہوگئی ‘ صوبائی حکومت کا چکورہ اور جہانگیری سمیت مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے پر بھی معذوری کا اظہار ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وفاقی حکومت کے نام خط میں اپنی بے بسی کا اظہار، چیئرمین اوگرا کے نام خط میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے صوبائی حکام کی مدد کی درخواست ۔

جمعہ کو ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی طرف سے وفاقی حکومت کو گیس چوری پر لکھے گئے خط پر وفاقی حکومت کی ہدایات پر ایس این جی پی ایل نے گیس کی چوری روکنے کیلئے ان پچاس دیہات میں آپریشن شروع کیا جہاں سے غیرقانونی طور پر گیس چوری کی جارہی تھی لیکن مقامی آبادی نے اس کارروائی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے انڈس ہائی وے بند کردی اور احتجاجوں کا سلسلہ شروع کردیا۔

(جاری ہے)

اب خیبر پختونخواہ حکومت نے چیئرمین اوگرا سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں صوبائی حکام کی مدد کریں۔ وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے چیئرمین اوگرا کے نام لکھے گئے خط میں اعتراف کیا کہ اس بات کی اطلاعات ہیں کہ خیبر پختونخواہ کے کئی علاقوں میں ماہانہ ایک ہزار ایم سی سی ایف گیس کی کمی پائی جارہی ہے اور یہ کمی مقامی آبادی کی طرف سے غیرقانونی طور پر گیس چوری کے باعث ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ صورتحال بہت پیچیدہ ہوچکی ہے جس سے تمام انتظامی اقدامات میں بھی رکاوٹ آرہی ہے۔ صوبائی حکومت اپنی مقامی انتظامیہ کے ذریعے ان کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ طے شدہ طریقہ کار کے تحت گیس کنکشن حاصل کریں۔ اپنے خط میں وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے مینجنگ ڈائریکٹر کیساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیا جس میں اوگرا کی جانب سے ایسے کنکشنوں کی اجازت نہ دینے کے بارے میں کہا گیا اس حوالے سے صوبائی حکومت کیساتھ معاہدے کے بارے میں بھی بتایا گیا کہ تیل اور گیس پیدا کرنے والے علاقوں میں گیس کی کمی ایس این جی پی ایل کی غلطیوں کی وجہ سے نہیں ،صوبے میں امن و امان کی بدترین صورتحال کی وجہ سے ہے۔

اس مسئلے کا باہمی حل تلاش کرنے کیلئے جلد تمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس منعقد ہوگا۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا کی طرف سے چیئرمین اوگرا سے کہا گیا ہے کہ اس اجلاس میں ضرور شرکت کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات