اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہی وطن عزیز کی تقدیر بدل سکتے ہیں،صدر مملکت،حکومت ملک میں معاشی خوش حالی لانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے

جمعہ 24 اکتوبر 2014 21:43

اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہی وطن عزیز کی تقدیر بدل سکتے ہیں،صدر مملکت،حکومت ..

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ہم پر یہ احسان عظیم ہے کہ اُس نے ہمیں آزادی کی نعمت عطا کی اور پاکستان جیسا خطہ پاک عطا کیا۔ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے اور نوجوان نسل کو اس عظیم نعمت کی قدر کرنی چاہیے ۔خواجہ فرید کی دھرتی میں آمد میرے لیے باعث افتخار ہے اور ریاست ِ بہاول پور جس نے استحکامِ پاکستان کی ضمانت دی ، اس علاقے میں آکر انتہائی طمانیت محسوس کر رہا ہوں۔

ہمارے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان وطن عزیز کی اُمید ہیں اورملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی فیکلٹی اور اساتذہ کے روشن چہرے مجھے تابناک مستقبل کی نوید دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار صدر ممنون حسین نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے کانووکیشن 2014کی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں معاشی خوش حالی لانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور عظیم دوست ملک چین کے تعاون سے معاشی راہ داری حقیقت کا روپ دھارنے کے بعد ہمارے روشن مستقل کی کنجی ثابت ہوگی اور پاکستان کو جنوبی ایشیا، وسط ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں اہم مقام دلائے گی۔

نوجوان صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں اور معاشی ترقی کی جدوجہد میں حکومت کا ساتھ دیں۔ جامعات اپنے آپ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کریں اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی بھی ترجیحات ایسی ہونی چاہئیں کہ نفع بخش علوم کے حصول پر توجہ دی جائے تاکہ ہم نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان پر عمل کرکے پاکستان کو ایک پُر امن، ترقی یافتہ اور باوقار ملک بناسکیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے گورنر پنجاب وچانسلر محمد سرور چوہدری ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راؤ محمد افضل خان، فیکلٹی اور انتظامیہ اور طلبہ وطالبات کو مبارکباد پیش کی۔ صدرِ پاکستان نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی کی تاریخ بہت ہی شاندار ہے اور اس کی ترقی کے مراحل میں تمام شعبوں کی مشترکہ کوشش قابل ستائش ہے۔ صدرِ پاکستان نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو تعلیمی ترقی اور محفوظ پاکستان کی تشکیل میں اپنے عملی کردار کو مثبت طریقے سے ادا کرنے کی تاکید کی۔

چانسلر/گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وائس چانسلر اور اُن کے رفقائے کار کو کانووکیشن 2014ء کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور جامعہ کی یہ مثالی کامیابی اسلامی ورثے کی نگہبانی اور اس عظیم اسلامی خطے کی بہترین نمائندگی کی وجہ سے ہے۔

اس یونیورسٹی کے چانسلر کی حیثیت سے میں بڑی خوشی اور فخر محسوس کرتا ہوں کہ اسلامیہ یونیورسٹی نے تحقیق کے حوالے سے نام پیدا کیا ہے اور علاقے کی سماجی ترقی، اقتصادی استحکام اور علم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اب اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور قومی اور بین الاقوامی سطح پر معروف سماجی، ثقافتی اور مالیاتی اِداروں کے اشتراک عمل سے ایک مرکز کی حیثیت حاصل کر رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کانووکیشن کا انعقاد فارغ التحصیل گریجویٹس کی محنت اور کامیابی کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جس کے وہ بجا طور پر مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوبل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسف زئی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی ارفع کریم اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی عزت بڑھانے والی رابعہ نورین آج کے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت تعلیم کو اپنی عملی ترجیحات میں شامل کر رہی ہے جس کی ایک مثال اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو860ملین روپے کی حالیہ گرانٹ کی فراہمی ہے اور اس یونیورسٹی کے طلباء کو 12کروڑ روپے وزیراعظم فیس واپسی سکیم کے تحت ادا کیے گئے ہیں۔اس کا سہرا وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کو جاتاہے۔

صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صدرِ مملکت اور گورنر پنجاب کی جامعہ اسلامیہ میں آمد ہمارے لیے باعث افتخار ہے اور کانووکیشن میں عمدہ کارکردگی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راؤ محمد افضل خان اور اساتذہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹرراؤ محمد افضل خان قائمقام وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی و گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور نے خطبہٴ استقبالیہ میں کہا کہ کانووکیشن 2014ء کا موقع اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی فیکلٹی ، انتظامیہ اور طلبہ وطالبات کے لیے انتہائی یادگار رہے گاکیونکہ اس میں صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان عزت مآب جناب ممنون حسین اور چانسلر /گورنر پنجاب جناب محمد سرور چوہدری نے اس تقریب میں شرکت کر کے اسے مزید نکھار بخشا ہے۔

میں اپنے معزز مہمانوں کو اس تاریخی شہر میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بہاول پور صدیوں سے عظیم علمی درسگاہوں کا مرکز رہا ہے یہ وہ سرزمین ہے جہاں عظیم شہر اوچ شریف میں دنیا کی پہلی اسلامی یونیورسٹی قائم تھی۔ اس علمی روایت کو آگے بڑھانے میں سابقہ ریاست بہاول پور کے بیدار مغز اور علم پرور عباسی حکمرانوں نے بہت اہم کردار ادا کیا بلکہ سر صادق محمد خان پنجم نے 1925ء میں جامعہ عباسیہ کی بنیاد رکھی جس کی موجودہ ترقی یافتہ شکل اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ہے جسے حکومت پاکستان نے 1975ء میں ایک پبلک یونیورسٹی کا درجہ دیا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ اس وقت جنوبی پنجاب کی اس سب سے بڑی یونیورسٹی میں چار سالہ بی ایس پروگرام سے لے کر پی ایچ ڈی تک اٹھارہ ہزار طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں اور انہیں78مختلف ڈسپلنز ،48تدریسی شعبوں اور 6کیمپسز میں تعلیم دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے ہمیشہ اپنے خطے کے عظیم لوگوں کو یاد رکھا ہے ۔ خواجہ فرید چےئر کا قیام اس کا ایک اظہار ہے۔

اسی طرح یہ بات انتہائی قابل فخر ہے کہ یونیورسٹی کے زرعی کالج نے کپاس کی ایک منفرد قسم IUB-222دریافت کی ہے جسے حال ہی میں نہ صرف جنوبی پنجاب کی بہترین قسم قرار دیا گیا ہے بلکہ اسے کاشت کرنے کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے۔ یہ ورائٹی بہترین فطری پیداواری صلاحیت کے ساتھ قدرتی طور پر مختلف کیڑوں کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت رکھتی ہے۔آئی یو بی کی دریافت کردہ کپاس کی ایک اور ورائٹی IUB-13اس وقت اپنی پیدا واری صلاحیت کے ساتھ مارکیٹ میں متعارف ہونے کی منتظر ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان کی تعلیمی تاریخ میں ایسا ہوا ۔ کسی یونیورسٹی نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر کیمپس قائم کیا ہو اور یہ اعزاز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو حاصل ہوا کہ پاکستان رینجرز کے ساتھ مل کر رینجرز کیمپس قائم کیا گیا ہے اور یہ کیمپس گزشتہ کئی سالوں سے نہایت کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔ وائس چانسلر نے صدرِمملکت ، گورنر پنجاب/چانسلر کا اپنی ، اساتذہ ، انتظامیہ اور طلبہ وطالبات کی جانب سے قیمتی وقت اس تقریب کو دینے پر شکریہ ادا کیا۔

کانووکیشن 2014ئکے موقع پرکل 690گریجویٹس شریک ہوئے جس میں 19پی ایچ ڈی سکالرز، 15ایم فل سکالرز، 623ماسٹرز اور بی ایس (آنرز) طلبہ وطالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔ معزز مہمانوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں 71گولڈ میڈلزاور 45سلور میڈلز تقسیم کیے۔ کانووکیشن میں شرکت سے قبل صدر مملکت عزت مآب ممنون حسین نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے عظیم سپورٹس کیمپلکس کے تکمیل پانے والے منصوبے کا افتتاح کیا۔

جس کے لیے حکومت پنجاب نے پچاس ملین روپے اور یونیورسٹی نے اپنے ذرائع سے 25ملین روپے مہیا کیے۔ یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوا ہے اور اس سے یونیورسٹی کے 18ہزار طلبہ وطالبات ، اساتذہ اور ملازمین مستفید ہو سکے گے۔ اس جمنیزیم کے قیام کا مقصد ان ڈور کھیلوں کا انعقاد اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی ایتھلیٹس اور دوسرے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے بعد صدر مملکت نے یو ایس ایڈ کی معاونت سے تعمیر ہونے والی ایجوکیشنل ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کس سنگ بنیاد رکھا جس پر لاگت کا تخمینہ 274ملین روپے ہوگا اور یہ منصوبہ 12سے 18ماہ میں مکمل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :