نیب راولپنڈی نے ساڑھے 7 ارب روپے کے مضاربہ کیس میں ملوث عمیر احمد کو حراست میں لے لیا

جمعہ 24 اکتوبر 2014 21:27

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے ساڑھے 7 ارب روپے کے مضاربہ کیس میں ملوث فیاضی انڈسٹریز گوجرانوالہ پرائیویٹ لمیٹڈ کے عمیر احمد کو حراست میں لے لیا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عمیر احمد پر کرپشن اور عوام کو بڑے پیمانے پر اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

وہ مضاربہ کاروبار میں عوام کے ساتھ دھوکہ دہی میں ملوث مفتی احسان الحق اور دیگر کے ساتھ شریک کاروبار تھے۔ ریجنل بیورو کو 91 ہزار سے زائد دعوے موصول ہوئے تھے جن کی مالیت ساڑھے 7 ارب روپے تھی۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم عمیر احمد غیر قانونی مضاربہ، مشارکہ کے کاروبار میں ملوث تھا جس کے تحت عوام کو پرکشش منافع کے نام پر لوٹا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم کے وارنٹ گرفتاری نیب راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل نے جاری کئے تھے۔ انہیں گرفتاری کے بعد احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہیں 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر بھجوا دیا گیا۔ یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ اس کیس کے مرکزی ملزم مفتی احسان الحق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید ہیں۔ اب تک 19 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور ان سے عوام سے دھوکہ دہی کے نام پر حاصل کی گئی رقم کی بازیابی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :