Live Updates

اہل گجرات نے بھی تحریک انصاف کو مسترد کر دیا‘ شام کے ورائٹی شو جلد انجام کو پہنچیں گے،

عمران خان جھوٹے الزامات کی بجائے ثبوت سامنے لائیں‘ قوم دھرنے نہیں مسائل کا حل چاہتی ہے، شیخ رشید بتائیں کہ وہ اور کتنی بار ”عبداللہ دیوانے “کا کردار ادا کریں گے،سید زعیم حسین قادری کا تبصرہ

جمعہ 24 اکتوبر 2014 21:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ دیگر شہروں کی طرح اہل گجرات نے بھی تحریک انصاف کی کال کو مسترد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ یہ شہر بھی مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے شہریوں نے جلسے میں شرکت نہ کر کے اپنا فیصلہ دے دیا ہے کہ اب شام کے ورائٹی شو جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم دھرنے نہیں مسائل کا حل چاہتی ہے جبکہ عمران اپنے آپ کو زندہ رکھنے کے لئے عوام کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔

سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ ایک صوبے کی حالت نہ بدلنے والے کیا نیا پاکستان بنائیں گے؟ عمران خان کم از کم خیبرپختونخوا میں تو گورننس کی کوئی مثال قائم کر کے دکھائیں۔ سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ عو ام نے دھرنوں میں پی ٹی آئی کے نئے پاکستان کی شکل دیکھ لی ہے اور عمران خان کو چاہیے کہ وہ جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے ثبوت سامنے لائیں۔

(جاری ہے)

ان کا تکیہ کلام ”سنیں“ اور رٹے رٹائے الزامات کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو بتائیں کہ ہر روز بیانات بدلنے کے پیچھے کیا حقیقت کارفرما ہے؟ سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ شیخ رشید عمران خان کی کشتی کو بھی لے کر ڈوبیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو بتانا چاہیے کہ وہ اور کتنی بار ”عبداللہ دیوانے “ کا کردار ادا کریں گے؟

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات