متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمائوں نے مہاجر صوبے کا مطالبہ کر دیا

جمعہ 24 اکتوبر 2014 21:12

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمائوں نے مہاجر صوبے کا مطالبہ کر دیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اکتوبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ اسمبلی میں مہاجر صوبے کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں 2008ء سے اب تک ہونے والی تقرریوں کے حوالے سے فہرست طلب کی اور تقریر کے دوران کہا کہ مہاجر عوام کے ساتھ گزشتہ کئی سالوں سے سازشیں کی جاری ہیں اور انہیں پبلک سروس کمیشن میں یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں مہاجروں کا مسلسل استحصال جاری ہے اور اسی تناظر میں مہاجر عوام صوبے سے متعلق جو مطالبہ کر رہے ہیں اس پر عملدرآمد کیا جائے۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی کی جانب سے مہاجر صوبے کے مطالبے کے بعد پیپلز پارٹی کے ارکان سیخ پا ہوگئے جبکہ بعض ارکان ڈیسک پر کھڑے ہو گئے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کامران اختر کے مطالبے پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی مقدس ایوان ہے اس لئے سیاسی مقاصد کے لئے متنازع ایشوز ایوان میں نہ لائے جائیں کیونکہ اس سے سندھ کے عوام میں شدید بے چینی پھیلے گی اور خون خرابے کا بھی خدشہ ہے۔

متعلقہ عنوان :