الطاف حسین کا عبدالستار ایدھی کوفون ، ڈکیتی کی مذمو م واردات پراظہار ہمدردی

جمعہ 24 اکتوبر 2014 20:47

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے معروف سماجی رہنماء مولانا عبدالستار ایدھی کوفون کرکے ان کے مرکزپرہونے والی ڈکیتی کی مذمو م واردات پرہمدردی کا اظہار کیا ۔ مولاناعبدالستارایدھی سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ مالی نقصان اپنی جگہ ہوتا ہے مگر غریبوں اور مسکینوں کے حق کے چھن اور چوری ہوجانے کے دکھ کا مداوا ممکن نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے مولانا عبدالستار ایدھی کی دکھی اور غریب عوام کیلئے فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے پوری زندگی غریب ، معصوم ، پریشان حال ، مسکین اور دکھی عوام کیلئے صرف کردی ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔ اس موقع پر عبدالستار ایدھی نے الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چوری ہوجانے والی رقم اور زیورات غریب یتیم اور مسکینوں کی امانت تھی اور اس کے چوری ہوجانے پر مجھے شدید تکلیف پہنچی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ حکومت ملزمان کو فی الفور گرفتار کرے گی ۔آخر میں الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عبدالستار ایدھی کے آفس میں ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے مسروقہ مال برآمد کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔