مرکزی صدر پاسبان کی وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی کراچی سے ادارہ نورحق میں ملاقات

جمعہ 24 اکتوبر 2014 20:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) پاسبان نے ملک میں مثبت تبدیلی ،عوامی مسائل کے حل اور عوام میں شعور کی بیداری کیلئے تمام جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے پاسبان کا تمام جماعتوں سے ملاقاتوں کا مقصد عوام میں پائی جانے والی مایوسیوں کے خاتمے کیلئے تمام جماعتوں کو کردار ادا کرنے کی طر ف توجہ دلانا ہے، یہ بات پاسبان کے مرکزی صدر شفیع احمد نے گذشتہ روز ادارہ نورحق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کے موقع پر کہی ،ملاقات میں پاسبان کراچی کے صدر شمیم ناز ،سینئر نائب صدر شاکر علی اور زاہد جمیل بھی مرکزی صدر پاسبان کے ہمراہ تھے ،امیر جماعت اسلامی کراچی نے پاسبان وفد کو ادارہ نورحق آنے پرخوش آمدید کہا اور جماعت اسلامی کے مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے کی دعوت بھی دی ،پاسبان کے مرکزی صدر شفیع احمد اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ملاقات میں ملکی صورتحال باالخصوص کراچی کی صورتحال پربھی تبادلہ خیا ل کیا گیا ،شفیع احمد نے امیر جماعت اسلامی کراچی کو غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں عظیم الشان اور تاریخی مارچ کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے بھی ہم تمام جماعتوں اور عوام کو متحداور منظم ہوکر تحریک چلانا ہوگی ،پاسبان کے مرکزی صدر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کی تحریکوں میں قربانی دینے والے اور ان تحریکوں کو کامیاب بنانے والی عوام بدترین مہنگائی ،بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ ،بے روزگاری اور لاقانونیت کا شکار ہے ،انہوں نے امیر جماعت اسلامی کی توجہ بنگلہ دیش کے کیمپوں میں محصوراذیت ناک زندگی گزارنے والے محب وطن پاکستانیوں کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ آج بھی بنگلہ دیش کے کیمپوں میں43سال سے محصور پاکستانی ہم پاکستانی ہیں کے نعرے لگا رہے ہیں اوران نعروں اور محب وطن پاکستانی ہونے کی وجہ سے ان محصورین پربنگلہ دیش کی حکومتی جماعت بدترین مظالم ڈھا رہی ہے ان محصورین کو پاکستان لاکر بسانے کیلئے بھی مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :