وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات پر ایک سال کا آبیانہ معاف کرنے کا اعلان کردیا

جمعہ 24 اکتوبر 2014 20:42

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے ہونے والے ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خان خٹک نے صوبے کے تمام اضلاع میں حالیہ ژالہ باری اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر تمام متاثرہ اضلاع میں ایک سال کے لئے آبیانہ کی رقم معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متاثرین کے نقصانات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا ۔

صوبے کے کسی حصے میں متاثرین ژالہ باری کو بے یارومددگار نہیں چھوڑا جائے گا ۔ یہ باتیں انہوں نے جمعہ کے روز خیبر پختونخوا اسمبلی میں رکن اسمبلی گوہر علی شاہ کی جانب سے پیش کئے جانے والے توجہ دلاؤ نوٹس کے موقع پر ایوان کو بتائیں۔ رکن اسمبلی نے ایوان کی توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر میں ہونے والی بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں نہ صرف ان کے حلقہ نیابت میں بلکہ صوبے کے تمام اضلاع میں وسیع پیمانے پر کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا اور صوبے کے کاشتکاروں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے متاثرین ژالہ باری کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ تنگی چارسدہ سے رکن اسمبلی خالد خان نے اس موقع پر ایوان کو بتایا کہ ان کے حلقہ نیابت میں 22 ہزار ایکڑ اراضی پر کھڑی تمام فصلیں ژالہ باری اور طوفانی بارشوں کے باعث تباہ ہوئیں ۔ چونکہ یہاں کے کاشت کاروں کا دارومدار فصلوں پر ہے اس لئے انہیں فوری ریلیف دیا جائے ۔ دیگر اراکین اسمبلی نے بھی اپنے اپنے حلقہ نیابت میں ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات سے متعلق ایوان کو آگاہ کیا اس موقع پر اراکین نے تباہ ہونے والی فصلوں سے متعلق اعداد و شمار اکٹھے کرنے کے لئے سروے کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین ژالہ باری کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کر رہی ہے تمام متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر نقصانات کے ازالے کے لئے بھی اقدامات شروع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے کسی ایک ضلع میں نہیں بلکہ صوبے کے تمام اضلاع میں نقصانات ہوئے ہیں ۔ہم کسی تفریق کے بغیر تمام متاثرین کی ترجیحی بنیادوں پر امداد کو یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فصلوں کو ہونے والے نقصانات کا انہیں اچھی طرح احساس ہے اس لئے حکومت نے متاثرہ اضلاع میں ایک سال کا آبیانہ معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :