بین الاقوامی انسانی قوانین کے احترام کو یقینی بنایا جائے،

علماء ودانشور شرعی قوانین اور عالمی انسانی قوانین کو اسلامی اقدار کے تناظر میں عملی شکل دینے میں کردار ادا کریں، اسلام بلا امتیاز مسلم اور غیر مسلم مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، بین الاقومی اسلامی یونیورسٹی اورعالمی ریڈ کراس کمیٹی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل کانفرنس کی شفارشات۔

جمعہ 24 اکتوبر 2014 20:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء )بین الاقوامی انسانی قوانین کی دفعات کے احترام کو یقینی بنانے اور اس کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ انسانی قوانین کی خلاف ورزی کو ختم کرنے اور ان کے خلاف مقدمات چلانے کے لیے مربوط حکمت عملی وقت کا اہم تقاضا ہے ۔ مسلمان علماء اور اسلامی قوانین کے ماہرین سے استدعا کی گئی ہے کہ شرعی قوانین اور عالمی انسانی قوانین کو اسلامی اقدار کے تناظر میں عملی شکلی دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

یہ اہم سفارشات بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے مشترکہ تعاون سے جاری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس ”عصر حاضر میں خدمت انسانی کے اقدامات ، درپیش چیلنج اور نقطہ ہائے نظر شریعت اور قانون انسانیت کی روشنی میں “ میں پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں پیش کی گئی سفاشات میں مزید کہا گیا اسلامی قوانین اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے درمیان پائی جانے والی ہم آہنگی اور مشترکہ اقدار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ جنگی ، فوجی مقاصد ، عوامی املاک اور انسانی اقدار کے درمیان فرق کیا جانا انتہائی ضروری ہے ۔

انسانی اقدار اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی انسانی خدمات پر منفی قبیح اثرات مرتب کرتے ہیں جن کو روکنے کی ضرورت ہے ۔ کانفرنس کے آخری روزاہم موضوعات جن میں اسلامی قانون اور بین الاقوامی قانون انسانیت ، طبی عملے اور سہولیات کا تحفظ ، جنگ زدہ علاقوں میں طبی عملے کو درپیش چیلنجز ، غیر جانبدرانہ اور ذمہ دارانہ خدمت شامل تھے، جس پر دنیا بھر سے تشریف لائے دانشوروں محققین اور ماہرین نے سیر حاصل بحث کی۔

کانفرنس کے اختتامی سیکشن کی مشترکہ صدارت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اور ر ایڈوائزر گلوبل آفیئرز آئی سی آر سی رونالڈا آفٹرنگرنے کی ، جبکہ دیگر سیشنز کی صدارت پروفیسر احمد مبلغی ، جوزہٴ علمیہ ، ایران، ڈاکٹر علی احمد مشعل، سابق صدر فیڈریشن آف اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، ڈاکٹر ممتاز احمد ،سربراہ اقبال انسٹیٹیوٹ آف رسیرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ نے کی۔

کانفرنس نے شرکاء نے اتفاق کیا اسلامی شریعہ اور بین الاقوامی اسلامی قوانین بنیادی طور پر انسانی خدمات کے اقدامات کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں اور اس حوالے سے اسلام بلا امتیاز مسلم اور غیر مسلم مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ انسانی خدمات کے تمام اقدامات میں غیر جانبدرانہ اور آزادانہ اقدامات اہم کیے جانا نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ تمام خیراتی اداروں کے درمیان ہر لحاظ سے مکمل ہم آہنگی اور تعاون کا پایا جانا انتہائی ضروری ہے ۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ ریسکیو ورکر بلا شبہ عظیم لوگ ہیں جن کا تحفظ اور ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا انسانی اصولوں اور قواعد کی ہر سطح پر تشہیر اور شعور کی بیداری کے لیے اقدامات کیے جانے چاہیئے اور کانفرنس کی سفارشات کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔ آخر میں صدر جامعہ ڈاکٹر الدریویش اور پاکستان میں آئی سی آر سی کے ہیڈ ریٹو سٹاکر نے تمام شرکاء کا تہہ دل دے شکریہ ادا کیا کہ ان کی محنت اور کاشوں سے یہ کانفرنس کامیاب ہوئی۔