کوئٹہ،وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات

جمعہ 24 اکتوبر 2014 20:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جمعہ کے روز جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور ان کے بم دھماکے میں محفوظ رہنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا احسان ہے کہ حملہ آور اپنے مذموم مقصد میں کامیاب نہ ہوسکا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ حملہ کی خبر بلوچستان اور ملک کے عوام کے لئے انتہائی تکلیف دہ اور باعث تشویش تھی اور ان سمیت ملک بھر کے عوام جے یو آئی کے قائد کی زندگی کے لئے فکر مند اور ان کی سلامتی کے لئے دعا گو تھے۔

انہوں نے کہ جمعیت علماء اسلام کو ملک اور بلوچستان کے عوام کی ایک بڑی حمایت اور تائید حاصل ہے اور ایک قدآور اور بڑی جماعت کے قائد کو نشانہ بنانے کی کوشش ملک میں انتشار اور انارکی پیدا کرنے کی گہری سازش تھی لیکن اللہ تعالیٰ کا کرم اور نوازش ہے کہ پاکستان ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جے یو آئی کے قائد نے وزیراعلیٰ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جمعرات کے روز ہونے والے خودکش حملے سے متعلق تفصیلات سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس قسم کی گھناؤنی کاروائی کا مقصد ہمیں عوام سے دور رکھنے کی سازش اور کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کے روز ہونے والے خودکش حملہ سے متعلق جماعت کے ذمہ داروں نے بتایا کہ حملہ آور میری گاڑی کا دروازہ کھول کر حملہ کرنے کی کوشش کررہا تھا لیکن ایک ذمہ دار حملہ آور کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے دور دھکیلنے میں کامیاب رہا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں بلوچستان اور ملک میں امن وامان اور سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلاً تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں جے یو آئی کے رہنما آغا فضل الرحمن شاہ اور وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر جمال شاہ کاکڑ بھی موجود تھے۔