Live Updates

ظلم کی داستان ختم ہوگی گجراتیوں نے عمران خان کا ساتھ دے کر دل جیت لیے، شیخ رشید

جمعہ 24 اکتوبر 2014 20:26

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ظلم کی داستان ختم ہوگی گجراتیوں نے عمران خان کا ساتھ دے کر دل جیت لیے زرداری بلو رانی پر خرچ کرکے اس کی فنی خرابی دور کریں۔ جلسہ جلسہ کھیلنا چاہتے ہیں سیاسی مخالفین زندہ رہیں‘ بھارت سے اچھے تعلقات اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے خواہاں ہیں لیکن بھارت نے میلی آنکھ سے دیکھا تو وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

گجرات میں تحریک انصاف کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو گجرات کی مبارکباد دیتا ہوں آج ظلم کی داستان ختم ہوگی اور نواز شریف جیل جائے گا انہوں نے کہا کہ میں نے گجرات میں کئی سال گزارے مجھ پر فائرنگ کرکے حملے کیے گئے تھے لیکن آج گجراتیوں نے دل جیت لیا ہے جس کی مجھے امید نہیں تھی انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کہتے ہیں عمران خان سیاست نہیں جانتا اگر واپڈا کا ٹیلی فون آپریٹر اپوزیشن لیڈر ہوسکتا ہے تو عمران خان بھی لیڈر بن سکتا ہے انہوں نے کہا کہ آج کل آصف علی زرداری کی بلورانی بھی باتیں کررہی ہے وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان وہ راستہ پاؤ جو طاہر القادری نے اپنایا زرداری صاحب بلورانی پر کچھ خرچ کرکے اس کی فنی خرابی دور کرو انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن نے ہماری بہنوں بیٹیوں کے خلاف گندی زبان استعمال کی انہیں معاف کرتے ہیں اور ان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم گلی گلی جارہے ہیں پاگل نہیں ہیں عمران خان محرم کے بعد اس ملک میں پہیہ جام اور شٹرداؤن کردے گا اور یہ جو سارے اکٹھے ہوگئے ہیں یہ قوم کا مزاج سمجھ گئے ہیں انہوں نے کہا کہ آج بھارت نے ہماری سرحدوں پر جو حملے شروع کیے ہیں ہم کشمیر کا اقوام متحدہ کے مطابق حل اور اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن اگر پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو نہ گھاس اگے گی اور نہ چڑیا چہکیگی ہم وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :