Live Updates

پاکستانیو ! 30 نومبر کو اسلام آباد پہنچو، عوام سے عطیات کی اپیل، نواز شریف کے استعفے تک دھرنا جاری رہے گا: عمران خان

جمعہ 24 اکتوبر 2014 19:44

پاکستانیو ! 30 نومبر کو اسلام آباد پہنچو، عوام سے عطیات کی اپیل، نواز ..

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں پورے پاکستان کے لوگوں کو اپیل کر رہا ہوں کہ 30 نومبر کو اسلام آباد میں جاری دھرنے میں پہنچیں، پاکستانی قوم لاکھوں کی تعداد میں نکلیں، اس دن ملکی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی سمندر اسلام آباد لے کر آئیں گے اور نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کریں گے، اس بار نواز شریف جتنے مرضی کنٹینر رکھ لیں وہ ہمیں روک نہیں سکیں گے اور ’گو نواز گو‘ کا نعرہ لگا کر نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کریں گے۔

گجرات سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہہ رہے تھے کہ یہ دھرنے لندن پلان کے تحت ہو رہے ہیںان کا جھوٹ کھل کر سامنے آ گیا ہے، اللہ نے حق واضح کر دیا ہے کہ یہ دھرنا تو عوام کے اشارے پر ہو رہا ہے، کوئی بے وقوف ہی ہو گا جو یہ فیصلہ کرے گا کہ کسی کے اشارے پر اتنا لمبا دھرنا دیا جائے، پھر اس کے بعد تین دنوں کے نوٹس پر کراچی میں جلسہ ہوا، صرف پانچ دنوں کے نوٹس پر لاہور میں بڑا جلسہ کیا۔

(جاری ہے)

کپتان نے کہا کہ جو لوگ سمجھ رہے ہیں کہ میں استعفے کے بغیر دھرنا ختم کر دوں گا وہ مجھے جانتے نہیں ہیں، نواز شریف اور خورشید شاہ اس خوش فہمی میں نہ رہیں، میںہار ماننے والا نہیں، لوگ تھک بھی گئے اور پیسہ بھی ختم ہو گیا تو اکیلا بھی تمبو میں بیٹھا رہوں گالیکن مطالبات کی منظور کروا کر ہی دھرنا ختم کروں گا، میں تو آخری گیند تک لڑنا والا کھلاڑی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے ہم سے پوچھا ہے کہ جلسوں کے لئے پیسہ کہاں سے آتا ہے، تو ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ پیسہ آپ کی طرح چوری کر کے نہیں لا یا گیا، ہم پاکستان کے کاروباری افراد سے نہیں بلکہ عام پاکستانی سے پیسہ لیتے ہیں کیونکہ ہم ان کے حقوق پر آواز بلند کرتے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہمارا بڑا ساتھ دیا ہے، دھرنے کی کامیابی کے لئے عام پاکستانی ہماری مدد کرتے رہیںاور جتنا ہو سکے ہمیں عطیات دیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پر خود کش حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں مگر مولانا نے جو ہمارے دھرنے سے متعلق گندی زبان استعمال کی اور ہماری خواتین پر انگلی اٹھائی ، ان کی دھرنے میں شمولیت کو مغربی تہذیب قرار دیا مگر میں مولانا کو بتانا چاہتا ہوں کہ جن لوگوں کو ان کی منافقت نے اسلام سے دور کیا ہے ہم ان کو واپس اسلام کی طرف لا رہے ہیں کیونکہ ہم تو دھرنے میں اسلام اور علامہ اقبال کی بات کرتے ہیں۔

عوامی تحریک کی جانب سے دھرنا ختم کرنے پر انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے پر طاہر القادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں سانحہ لاہور کے شہداءکے خون کا حساب لیا جانا چاہئے، ہم کبھی نہیں بھولیں گے جب اکتیس اگست کی رات کو ریاستی مشینری نے ہم پر حملہ کیا تو اس وقت ہمارت کارکنوں کے ساتھ عوامی تحریک کے لوگ کھڑے تھے، انہوں نے گلوبٹوں کا مقابلہ کیا جس پر ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر ایک بار پھر انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت پر دھاندلی کے الزامات دہرائے۔ عمران خان نے مغربی سرحد پر ہونے والے ڈرون حملوں پر حکومتی پالیسی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے کاروبار کی وجہ سے بھارت کے خلاف نہیں بول رہے مگر نریندر مودی کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستانی قوم متحد ہے، ہم آ پ کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں مگر آپ اس جمہوری دور سے فائدہ اٹھائیں اور امن قائم کریں ، کشمیریوں کو ان کے حقوق دیں اور شہریوں کی بہتری پر توجہ دیں، پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کریں تاکہ کشمیر کا بھی کوئی پرامن حل نکل سکے۔

اس قبل شرکاءسے خطاب کے آغاز میں ان کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر اہلیان گجرات کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، خاص طور پر خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ جلسہ گاہ میں آئی ہیں، آج جنون کو دیکھ کر ایک بار پھر محسوس ہوا ہے کہ نیا پاکستان بننے والا ہے، میں نے گجرات پرزیادہ توجہ نہیں تھی مگر آج میں گجرات کو بھرپور جواب دیکھ کر حیران ہوا ہوں، مجھے یقین آ گیا ہے کہ میری قوم جاگ گئی ہے، ہم نے صرف سٹیج لگایا نہ کسی کو پیسے دیئے اور نہ ہی کسی کو کوئی کرایہ دیا ،سارے لوگ خود بخود آ گئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات