پیپلز پارٹی کے مزار قائد پر 18اکتوبر کو کامیاب جلسے سے مخالفین کے اوسان خطا ہوگئے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 24 اکتوبر 2014 19:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مزار قائد کراچی میں 18اکتوبر کو شاندار اور عظیم الشان جلسہ عام منعقد کرکے نئی تاریخ رقم کی ہے، جس سے مخالفیں کے اوسان خطا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں ایک بڑا مجمعہ محترمہ شہیدبینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے وقت ان کے تاریخی استقبال کیلئے موجود تھا اور18اکتوبر کوپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے باقاعدہ سیاسی کیریئر کے آغاز پر بھی لاکھوں عوام کا جم غفیر تھا جوکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے۔

پیپلزپارٹی کے جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر بھٹوکے مشن کو منزل تک پہنچانے کیلئے پر چم بلند کیا ہے اور عوام بھرپورولولے، جوش اور جذبے کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مخالفیں الزام لگا رہے ہیں کہ حکومت سندھ کے خزانے سے جلسے پر خرچ کیا گیاجوکہ بلکل غلط ہے اور اس کی ہم مذمت کرتے ہیں،جلسے پر ایک روپیہ بھی سرکاری خزانے سے خرچ نہیں کیا گیا، جلسے کے سارے اخراجات پارٹی کارکنوں اور تنظیم نے برداشت کئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو 18اکتوبر کو پاکستان پیپلزپارٹی کے شاندار جلسہ عام کے انعقاد اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب سیاسی کیریئر کے باقاعدہ آغاز پر پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اراکین سینٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز،سیکرٹریز اطلاعات کے اعزاز میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں دیئے گئے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

سیدقائم علی شاہ نے کامیاب اور فقید المثال جلسہ عام منعقد کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، مرکزی و صوبائی رہنماؤں، ڈویزنل اور ضلعی تنظیموں اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں، کارکنوں اور ہمدردوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا کامیاب جلسے سے ان لوگوں کو کیوں تکلیف ہوتی ہے جو آئے دن جلسے منعقد کرتے ہیں اور ہڑتالوں اور دھرنوں کی کال دیتے ہیں،پیپلزپارٹی نے کراچی میں جلسہ کیا تو ان لوگوں کو تکلیف کیوں ہوتی ہے، پیپلزپارٹی ابھی بھی ملک کی سب سے بڑی مضبوط ترین سیاسی جماعت ہے، شہید ذوالفقارعلی بھٹو سے لیکر محترمہ بینظیر بھٹو شہید تک پیپلزپارٹی کی تاریخ جمہوریت اور عوام کیلئے قربانیوں اور جدوجہد سے عبارت ہے، حالیہ کامیاب جلسہ ان ہی قربانیوں کا پھل ہے، عوام میں پارٹی کیلئے وہی جوش اور جذبہ پایاجاتا ہے،18اکتوبر کے جلسے میں لوگ جوق درجوق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خطاب سننے آئے۔

انہوں نے کہا کہ مزار قائدکے قریب جلسہ گاہ کے علاوہ سپر ھائی وے کا ٹھوڑ تک عوام کا ٹھاٹھے مارتا ہوا سمندر تھا جوکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی وطن واپسی کے بعد پہلی بار دیکھا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آزاد تجزیہ نگاروں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ 18اکتوبر کے پیپلزپارٹی کے جلسے کے مقابلے میں دوسروں کے جلسے نہیں "جلسیاں"ہیں،انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا آسان کام ہے لیکن عملی جدوجہد کرنا، عوام اور ملک کیلئے کام کرنا اور ملک میں جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا طرہ امتیاز ہے،سالار اعلیٰ کارواں جمہوریت ، چیئرمیں بلاول بھٹو زرداری بھی اسی راہ پر گامزن ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری عوام کی بہتری اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سندھ حکومت کو ہدایت دیتے رہتے ہیں اور ہم انکی قیادت اور رہنمائی میں عوام کی دن رات خدمت کر رہے ہیں۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ جب ملک مشکل حالات سے دوچار تھا تو کو چیئرمیں پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے "پاکستان کھپے"کا نعرہ بلند کیا، جس پر لوگوں نے لبیک کہا اور انہوں نے اقتدار میں آنے کے بعد 12سالہ آمریت کے دوران ملک کو درپیش مسائل سے نکالا، ملک کی ترقی میں بھی کردار ادا کیا اورملک میں مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا اور پارٹی کو بھی سنبھالااور عوام کو انکے حقوق دیئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے جلسے کی کامیابی پر پیپلزپارٹی سندھ اور پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 18اکتوبر کے جلسہ عام کا مقصد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی کیریئر کا اسی مقام سے آغاز تھا، جہاں محترمہ شہید بینظیر بھٹو نے اپنا سفر چھوڑا تھا، پیپلزپارٹی نے چاربڑے آمروں کے خلاف جدوجہد کی ہے اور قربانیاں دی ہیں، پیپلزپارٹی کی قربانیاں لوگ ابھی تک نہیں بھولے،حالیہ جلسے کی کامیابی بھی ان ہی قربانیوں اور جدوجہد کے مرہون منت ہے۔

پیپلزپارٹی کا وجود ورکرز کی وجہ سے ہے چاہے وہ ورکر خاموش رہے یا سڑکوں پر جھنڈا لہرا رہاہو۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کا جو پرچم لہرایا،وہ آج تھام کر چل رہے ہیں، سید خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں،ہم نوازشریف کے ساتھ نہیں، جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ پر امن اقتدار کی منتقلی کا سہرا بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے سر ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہاکہ عظیم الشان عوامی جلسے کا انعقاد مخالفیں کے منہ پر طمانچہ ہے، ان کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اورپیپلزپارٹی کی مقبولیت مخالفیں کی سمجھ سے بالا تر ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور عوامی دلوں پر راج کرنے والے بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنیں گے۔

ظہرانے کی تقریب میں صوبائی وزراء ، منظور وسان،ڈاکٹر سکندر میندھرو،میر ہزار خان بجارانی،جام خان شورو، رکن قومی اسمبلی نوید قمر، سینیٹر مولابخش چانڈیو، سینیٹرعاجز دھامرا،سینیٹر ہری رام ،سینیٹر قیوم سومرو،پیرآفتاب شاہ جیلانی،مخدوم رفیق الزمان،قادر پٹیل،این ڈی خان، نجمی عالم،لعل بخش بھٹو،سینیٹر سحر کامران،ایم این اے شاہدہ رحمانی،ثریا جتوئی،وزیراعلیٰ سندھ کے معاونیں خصوصی وقار مہدی، راشد ربانی، صدیق ابو بھائی،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرزاوردیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :