سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن2013 کو چیلنج کر نے کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی

جمعہ 24 اکتوبر 2014 19:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) سپریم کورٹ نے الیکشن 2013 کو چیلنج کر نے کیلئے دائر درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرلیا ہے،درخواست کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 29 اکتوبر کو کرے گا۔

(جاری ہے)

2013کے عام انتخابات کو جسٹس ریٹائرڈ شاہد صدیقی نے چیلنج کررکھا ہے دائر درخواست الیکشن کمیشن، نادرا، پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 2013 کے عام انتخابات میں ناقص مقناطیسی سیاہی استعمال کی گئی، جس کی وجہ سے ووٹوں کی تصدیق کا عمل ممکن نہیں رہا اور پورا انتخابی عمل غیر شفاف ہوگیا۔

اس لئے عدالت عظمیٰ سے درخواست ہے کہ وہ 2013 کے انتخابات کو کالعدم قرار دے کر اس کے ذمہ داروں کا تعین کرے۔درخواست میں عام انتخابات 2013 کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے،دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے 11 مئی 2013 کے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 29 اکتوبرکو کریگا۔