بلوچستان میں دہشتگردی میں کئی بیرونی ہاتھ ملوث ہیں،ڈاکٹرعبدالمالک

جمعہ 24 اکتوبر 2014 18:43

بلوچستان میں دہشتگردی میں کئی بیرونی ہاتھ ملوث ہیں،ڈاکٹرعبدالمالک

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی میں کئی بیرونی ہاتھ ملوث ہیں۔ناراض بلوچ رہنماوٴں کو چاہیے کہ وہ جمہوری انداز میں اپنی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کریں ۔ صوبے کے صرف تین اضلاع میں شورش ہے۔ مشرف کی پالیسیوں نے بلوچستان کو تباہ کیاہے۔وہ جمعہ کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے منعقدہ کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔صوبے کے صرف تین اضلاع میں امن و امان کی صورت حال خراب ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی خفیہ آپریشن نہیں ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

لاپتہ افرادکے مسئلے کے حل کیلئے وفاق کے ساتھ مل کر اقدامات کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے خراب حالات کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں ۔مشرف کی پالیسیوں کا اثر زائل کرنے میں کئی سال لگیں گے۔مشرف نے بلوچستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی لیکن لوگوں کے دل نہیں جیت سکا۔مشرف کو بلوچستان میں سوائے نفرت کے کچھ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں گذشتہ روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعات ناقص سکیورٹی انتظامات کا نتیجہ نہیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محرام الحرام میں بلوچستان میں قیام امن کے لیے سکیورٹی انتظامات کو اور بہتر کیا جائے گا ۔انہوں نے کہ کوئٹہ اور مچھ سمیت صوبے کے حساس اضلاع میں محرم الحرام میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے ناراض بلوچ رہنماوٴں کو ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی دعوت دی اورکہا کہ وہ جمہوری انداز میں اپنے مطالبات کے حصول کے لیے جدوجہد کریں ۔

حکومت بلوچستان ان سے بات چیت کے لیے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان دنیا کا پسماندہ ترین خطہ ہے ۔یہاں غربت بہت زیادہ ہے ۔بنیادی وسائل کی کمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے ۔ریکوڈک ذخائر سمیت بلوچستان مین سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں لیکن مقامی افراد اپنے مستقبل اور سرمایہ کاربدامنی سے خوفزدہ ہوتے ہیں۔ بلوچستان حکومت کا ماننا ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے ساتھ مقامی لوگوں کے دل بھی جیتنا ہوں گے۔انہوں نے کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں ۔صوبائی حکومت انہیں ہر طرح کا تحفظ اور مراعات فراہم کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :