حکومت پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنائے ،ہیلتھ ٹیموں کو مکمل تحفظ دے‘ عالمی ماہرین

جمعہ 24 اکتوبر 2014 18:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) پاکستان میں سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے معاشرے کے ہر رْکن کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف عالمی ماہرین نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ورلڈ پولیو ڈے کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام روٹری کلب اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر سیمینار کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین شہزاد احمد، خواجہ خاور رشید، راجہ ریاض احمد اور سابق ایگزیکٹو رکن میاں زاہد جاوید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ دنیا بھر میں پولیو کی وبا کا خاتمہ ہورہا ہے لیکن پاکستان میں اس مرض کا دوبارہ سے پیدا ہوجانا تشویشناک ہے لہذا ہمیں اس کے خلاف جنگ لڑنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں پولیو کے متعلق شعور و آگہی پیدا اور اس مسئلے کو قومی سطح پر اْجاگر کرنے کے لیے روٹری کلب کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنائے اور ہیلتھ ٹیموں کو مکمل تحفظ دے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس بیماری کے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا۔

انہوں نے کہا کہ روٹری کلب کے تعاون سے لاہور چیمبر کے ریڈیو ایف ایم 98.6کے ذریعے اس سلسلے میں پروگرامز نشر کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بھی بخوبی آگاہ ہے اور اس کی سرپرستی میں لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) معذور افراد کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔ دیگر مقررین نے بھی پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا ہر ایک کا نصب العین ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں خواتین کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے لہذا اُن میں شعور و آگہی پیدا کرنا زیادہ ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :