برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر جون ٹک نوٹ کی گورنر سندھ سے ملاقات

جمعہ 24 اکتوبر 2014 18:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر جون ٹک نوٹ نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے اکثر مسائل معاشی پہلوؤں سے جڑے ہوئے ہیں پاکستان کی معیشت میں استحکام سے کڑے سے کڑے چیلنجز سے با آسانی نمٹا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ قلیل مدتی عرصے میں بیرون سرمایہ کار پاکستان کی تاریخی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس ذہن کے ساتھ سرمایہ کاری کریں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری ہمیشہ سے منافع بخش رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے اور برٹش ہائی کمشنر زاو ر ڈپٹی ہائی کمشنر ز نے جس طرح سے سرمایہ کاری کیلئے برطانوی سرمایہ کاروں کو پاکستان خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا منفی امیج دنیا میں میڈیا کے بعض حصے کے ذریعے پھیلا ہے جو زمینی حقائق سے با لکل مختلف ہے پاکستان میں آج بھی تعمیر و ترقی کا عمل جاری ہے اور منافع بخش منڈی اورسرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ماحول سب کے لئے پرکشش مواقع فراہم کررہا ہے بیرون دنیا کے اعتماد کے ساتھ ہی ہم سیکیورٹی کے مسائل کو بھی پوری طرح سے قابو کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کی ایک بڑی وجہ غربت بھی ہے جسے دور کرنے کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنا ہو نگے جس کے لئے ترقی یا فتہ ممالک کو پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو دیکھتے ہوئے حوصلہ افزائی کرنی چاہئے اور اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے علاوہ ریٹیل بزنس میں جس طرح سے بیرون سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں اس سے پاکستان میں ایک نئی سوچ اور تبدیلی پیدا ہورہی ہے پا کستانی عوام کو بھی نہ صرف روزگار کے مواقع میسر آرہے ہیں بلکہ اچھی مصنو عا ت مناسب قیمتوں میں بھی میسر آرہی ہیں ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو نہ صرف حکومت کی طرف سے مکمل تحفظ حاصل ہو گا بلکہ ان کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع آسان بنائیں جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت برطانیہ کی جانب سے یو کے ایڈ کی جانب سے مختلف شعبوں میں امداد اور سرمایہ کاری میں پاکستان خصوصاً صوبہ سندھ کے عوام کو بہت فائدہ پہنچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمدردی کی بنیاد پر کئے گئے اس اقدامات کو حکومت تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :