انصار برنی نے لیبیا میں پھنسے مزید پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے کوششیں تیز کردیں

جمعہ 24 اکتوبر 2014 18:22

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے لیبیا میں جاری سول وارکے باعث لیبیا میں پھنس جانے والے ہزاروں پاکستانیوں کی انصار برنی ٹرسٹ کی اپیل پر زندگیاں بچاکر انہیں بحفاظت وطن واپس پہنچانے پر صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، وزارت خارجہ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور لیبیا میں پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)جاوید ضیاء کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ انتہائی مشکل صورتحال کے باوجود ہزاروں پاکستانیوں کی زندگیاں بچاکر انہیں وطن واپس پہنچانے پر ہم حکومت کے مشکور ہیں۔

اقوام متحدہ کے سابق مشیر خاص برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اب بھی دو ہزار کے لگ بھگ پاکستانی لیبیا میں پھنسے ہوئے ہیں جن کی زندگیاں بچانے اور انہیں وطن واپس لانے کے لئے انصار برنی ٹرسٹ کوشاں ہے اور امید ہے کہ باقی رہ جانے والے دو ہزار کے لگ بھگ پاکستانیوں کی بھی وطن منتقلی کے لئے ہوائی جہاز کی سروس آئندہ ہفتہ سے شروع کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

انصار برنی نے لیبیا میں پاکستان کے سفیر سمیت عملے کے تمام اراکین کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا ہے جنہوں نے تمام پاکستانیوں کی وطن منتقلی سے قبل لیبیا چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔ انصار برنی نے کہا کہ لیبیا میں سفارتخانہ کے عملہ پر متعدد حملوں کے باوجود عملے کا پاکستان اور پاکستانیوں سے محبت قابل قدر ہے جس کے لئے پورا سفارتخانہ مبارک باد کا مستحق ہے۔

انصار برنی نے کہا کہ لیبیا میں پھنسے رہ جانے والے پاکستانیوں کے عزیزواقارب اس سلسلہ میں شگفتہ برنی ایڈووکیٹ سے انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل سے 6حسن منزل، آرام باغ روڈ کراچی، فون نمبر (021) 32623382 یا موبائل نمبر 0300 8243460پر رابطہ بھی قائم کرسکتے ہیں۔انصار برنی نے صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی ہے کہ حکومت انصار برنی ٹرسٹ کے ساتھ ملکر لیبیا میں پھنسے رہ جانے والے پاکستانیوں کی زندگیاں بچانے میں ایک مرتبہ پھر اپنا اہم کردار ادا کرے۔