انتخابات 2013ء کالعدم قرار دینے کی درخواستیں سماعت کیلئے منظور

جمعہ 24 اکتوبر 2014 17:38

انتخابات 2013ء کالعدم قرار دینے کی درخواستیں سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اکتوبر 2014ء) 2013 ء کے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کیلئے دائر درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں۔ چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 29 اکتوبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ جسٹس ریٹائرڈ محمود اختر شاہد صدیقی اور سابق وفاقی وزیر میاں زاہد سرفراز کی جانب سے 2013ء کے انتخابات کیخلاف الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ عام انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔ جسٹس ریٹائرڈ محمود اختر شاہد صدیقی نے موقف اختیار کیا تھا کہ 2013ء کے انتخابات مقناطیسی سیاہی کی بنیاد پر ہوئے تھے لیکن یہ ثابت ہو گیا ہے کہ مقناطیسی سیاہی انتہائی غیر معیاری تھی اور اس کے استعمال سے دھاندلی کی گئی۔

(جاری ہے)

دھاندلی کے نتیجے میں ہونے والے الیکشن کس طرح آئینی اور قانونی ہو سکتے ہیں۔

جسٹس ریٹائرڈ محمود اختر صدیقی نے الیکشن کمیشن اور انتظامات کرانے والی انتظامیہ کیخلاف کارروائی کرنے کی بھی استدعا کی تھی۔ میاں زاہد سرفراز کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2013ء کے انتخابات میں منظم دھاندلی کی گئی۔ منظم دھاندلی کے ذریعے انتخابات میں چند سیاسی جماعتوں کو کامیابی دلوائی گئی۔ اس لئے انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :